پٹوار خانوں اور ضلعی انتظامیہ سمیت تھانوں میں کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلی خیبر پختونخوا سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر کے پٹوار خانوں، تحصیلدار، اے سی، ڈی سی، ڈی پی او، ڈی ایس پی آفسز اور تھانوں میں لائیو کیمروں کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں نگران وزیراعلیٰ کی جانب سے تمام متعلقہ حکام کو رواں ماہ کے آخر تک مذکورہ تمام دفاتر میں کیمروں کی تنصیب مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ اجلاس کے دوران ان کیمروں کی براہ راست مانیٹرنگ کے لئے مرکزی مانیٹرنگ سیل قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان کیمروں تک چیف منسٹر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پی آفسز کو آئی پی نیٹ ورک کے ذریعے براہ راست رسائی دی جائے، ان کا کہنا تھا کہ ان دفاتر میں کیمروں کی تنصیب کیلئے آج ہی تحریری احکامات جاری کیے جائیں۔
سید ارشد حسین کا کہنا تھا کہ عوامی خدمات کے ان دفاتر کے جملہ امور کو شفاف بنانے کے لئے کیمروں کی تنصیب انتہائی ضروری ہے، صوبہ بھر کے محافظ خانوں میں آگ بجھانے والے آلات بھی رکھے جائیں۔
نگران وزیر اعلی نے اجلاس کے دوران کہا کہ ریونیو معاملات سے متعلق عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے کمپلینٹ ریڈرسیل کے نظام کو فعال بنایا جائے، اجلاس میں ڈیجیٹائزیشن آف لینڈ ریکارڈ پر اب تک کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا.
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ نے لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سختی سے ہدایت کی کہ اس سال کے آخر تک منصوبہ ہر صورت مکمل کیا جائے، منصوبے کی تکمیل میں تاخیر کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
روایتی پٹوار نظام کو تبدیل کرنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، روایتی پٹوار نظام کے ہاتھوں غریب عوام رل رہے ہیں، عوام کے ساتھ یہ زیادتی مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔
نگران وزیر اعلیٰ کے مطابق بورڈ آف ریونیو کے اعلی حکام باقاعدگی سے فیلڈ وزٹ کر کے عوامی خدمات کی فراہمی کے عمل کا جائزہ لیں، تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں روزانہ کم سے کم ایک پٹوار خانے کا وزٹ ضرور کریں جبکہ تمام ڈی پی اوز روزانہ ایک پولیس سٹیشن کا وزٹ یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ اجلاس میں لینڈ ریکارڈ ڈیجیٹائزیشن منصوبے کی تکمیل کے لئے نگران صوبائی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ منصوبے کی تکمیل پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے وزیر اعلی کی زیر صدارت ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:  پشاور:اساتذہ کی بورڈ امتحانات میں بار بارڈیوٹی لگانے پر پابندی عائد