کسی کوزبردستی مسلط کرنےکاسوچنے والےغلط فہمی کاشکارہیں،بلاول بھٹو

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نےعوامی رابطہ مہم شروع کردی ہے، ہمارا اگلا ورکرز کنونشن دیر اور پھر چترال میں ہوگا جبکہ نوشہرہ بھی جائیں گے۔
چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں پیپلزپارٹی کے جیالےغیرت مند اور وفادارہیں، یہاں سے کارکن آج بھی بھٹوازم کا نعرہ لگاتے ہیں، ہم نے نوجوانوں کو بھٹوازم بارے سمجھانا ہے، بھٹوازم کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، بھٹوازم کا مطلب ہے کہ اگر سزائے موت بھی دی جائے تو اصولوں سے پیچھے نہیں ہٹنا، بھٹو کو پھانسی پر چڑھا دیا گیا لیکن جھکے نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ شہید بے نظیر نے والد کے منشورپر30سال جدوجہد کی، بے نظیر نے کسی کے سامنے جھکنے کی بجائے شہادت قبول کی، ان کا کہنا تھا کہ مسلط کردہ شخص نے یوٹرن لینا سکھایا، ہم نےعوام کو سمجھانا ہے کہ یوٹرن لینا لیڈر نہیں بزدل کی نشانی ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ قائد عوام نے نعرہ دیا تھا کہ مانگ رہا ہے ہر انسان روٹی، کپڑا اور مکان، قائد عوام نے ناصرف نعرہ لگایا بلکہ عملدرآمد بھی کیا، ہم بھی اسی نعرے پرعمل کریں گے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ میں چاہتا ہوں ہمیں عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملے، ہم عوام کو مہنگائی کے سونامی سے بچائیں گے۔
چیئرمین پی پی بلاول بھتو زرداری کا کہنا تھا کہ مسائل حل کرنے کے لئے اب جیالا وزیراعظم بنانا پڑے گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے میدان میں موجود ہیں، ہم ہر کسی کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، ہم تیر کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔ ان کا کہناتھا کہ عوام پرانے سیاستدانوں سے بیزار ہوچکے ہیں، کسی کو چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنانےکے بجائے نوجوانوں کو موقع دینا چاہیے.
ان کا کہنا تھا کہ اگر آج بھی کوئی سمجھتا ہے کہ وہ زبردستی کسی کو وزیراعظم بناسکتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے، ہم اس کا مقابلہ کریں گے اور کسی آئی جے آئی کا حصہ نہیں بنیں گے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم شہباز شریف کی ججز تعیناتی کیلئے آئینی ترمیم کی ہدایت