سانحۂ آرمی پبلک سکول

پوری قوم سانحۂ آرمی پبلک سکول کی یاد میں غم زدہ ہے، نگراں وزیراعظم

ویب ڈیسک: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سانحہ آرمی پبلک سکول کی نویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری قوم کو اپنے ان عظیم شہداء اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر ہے، پوری قوم سانحۂ آرمی پبلک سکول کی یاد میں غم زدہ ہے۔
نگراں وزیرِاعظم مزید کہا کہ آج بھی جب اس دن کو یاد کرتا ہوں تو آنکھیں اشکبار ہو جاتی ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ 9 برس پہلے آج کے دن دہشت گردوں نے آرمی پبلک سکول پشاور پر بزدلانہ حملہ کیا، یہ ایسا سانحہ تھا جس نے دنیا بھر کی آنکھیں نم کر دیں۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ شہید طاہرہ قاضی اور شہید اعتزاز حسن جیسے نڈر لوگوں کو بزدل دہشت گرد کبھی ہرا نہیں سکتے،
انہوں نے کہا کہ دشمن نے ہمارے مستقبل کو روند کر قوم کا حوصلہ پست کرنے کی ناکام کوشش کی، آرمی پبلک سکول پشاور کے سانحے نے پاکستانی قوم کا عزم مضبوط تر کیا، قوم کی ہمدردیاں ان والدین کے ساتھ ہیں جن کے بچوں نے اس سانحے میں عظیم قربانی دی۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ انسانی تاریخ میں قربانی کی ایسی تابندہ مثالیں بہت کم ملتی ہیں، پاکستانی قوم دہشت گردی کی جنگ جیت چکی ہے، قوم نے دشمن کے پاکستان میں شرانگیزی اور انتشار پھیلانے کے تمام حربے ناکام کر دئیے۔
نگراں وزیراعظم نے یہ بھی کہا ہے کہ پوری قوم پہلے سے زیادہ مضبوط اور اس عفریت کے خلاف متحد ہے، پاکستانی قوم تمام شرپسندوں کو جہنم واصل کرنے تک اپنی سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردوں اور پاکستان کے امن کے دشمنوں کو میرا واضح پیغام ہے کہ پاکستانی قوم متحد ہے۔

مزید پڑھیں:  پہلا پاکستانی سیٹلائٹ آئی کیوب قمر چاند پر روانہ