اپیلیں کل سے دائر ہوں گی

کاغذات نامزدگی کے فیصلوں کیخلاف اپیلیں کل سے دائر ہوں گی

ویب ڈیسک: ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کیلئے کاغذات نامزدگی جمع ہونے، منظور یا مسترد ہونے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔
اُمیدواروں کی جانب سے اگلے عام انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کیخلاف الیکشن ٹریبونلز میں کل سے اپیلیں دائر کی جائیں گی، اپیلوں کا عمل یکم سے 3 جنوری تک جاری رہے گا۔
ان اپیلوں پر انتخابی ٹریبونل 10 جنوری تک فیصلہ کریں گے جبکہ اُمیدوار اپنے کاغذات 12 جنوری تک واپس لے سکیں گے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد اُمیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی گئی ہیں، کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانیوالوں میں ملک کی کئی بڑی سیاسی شخصیات شامل ہیں۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے بانی سمیت سابق وزیرداخلہ شاہ محمود قریشی اور پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے۔
اسی طرح سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اور پنجاب کی سابق وزیر یاسمین راشد، اختر مینگل، فواد چودھری اور انکی اہلیہ حبا فواد،اعظم سواتی ، ذوالفقار مرزا، فہمیدہ مرزا اور انکے بیٹے کے کاغذات نامزدگی بھی مسترد کردیئے گئے۔
اُمیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو دئیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  بشریٰ بی بی کی اڈیالہ جیل منتقلی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ