انتخابات کچھ دن مؤخر

انتخابات کچھ دن مؤخر ہوجائیں تو کوئی حرج نہیں، مولانا فضل الرحمان

ویب ڈیسک: جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ انتخابات کچھ دن مؤخر ہوجائیں تو کوئی حرج نہیں۔
ڈی آئی خان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ نئی حکومت جون میں بجٹ نہیں دے سکے گی، الیکشن میں جانا چاہتے ہیں لیکن ماحول بھی ہونا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں کیسے الیکشن مہم چلا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزدی کہا کہ وہ گزشتہ روز گھر پر تھے، لیکن گولیاں گاڑی پر لگی ہیں، فائرنگ کا واقعہ امن وامان سے متعلق سوال اُٹھا رہا ہے، ٹانک میں بھی جے یو آئی کی قیادت پر حملے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم کہتے رہے ہیں کہ کے پی اور بلوچستان میں امن وامان متاثر ہے، الیکشن کمشنر خود کہتے ہیں کہ دو صوبوں میں صورتحال خراب ہے لیکن حل کیا ہے کہتے ہیں دعاگو ہوں۔
مولانا کا کہنا تھا کہ تین چار سال میں معیشت زمین بوس ہوئی ملک دیوالیہ پن کے قریب تھا، ہم نے 16 ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ سے نکالا، اب پھر ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔
افغانستان اور پاکستان میں بداعتمادی ہم توڑیں گے، عالمی برادری کا اعتماد بحال کرنا ہوگا، مولانا نے زور دے کر کہا کہ افغانستان کا استحکام پاکستان کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں:  کیلیفورنیا یونیورسٹی میں فلسطین کے حمایتی طلبہ پر حملہ، متعدد زخمی