”علم ٹولو دہ پارہ“

خیبر پختونخوا : خواندگی مہم ”علم ٹولو دہ پارہ“ کی منظوری

ویب ڈیسک :خیبر پختونخوا کی نگران حکومت کی جانب سے صوبے میں شرح خواندگی بڑھانے کے لئے اہم اقدام‘ خیبر پختونخوا خواندگی مہم ”علم ٹولو دہ پارہ“کی منظوری دیدی ۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس برائے ضم اضلاع کا اہم اجلاس ہوا جس میں متعلقہ صوبائی وزراء اور کور کمانڈر پشاور کے علاوہ اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی ۔
اجلاس کے شرکاءکو مہم کے مختلف پہلوو¿ں پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ مہم پاک فوج اور صوبائی محکمہ تعلیم کے باہمی اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر صوبے کے ضم شدہ اضلاع میں اس مہم کا اجراءکیا جائے گا۔‘اگلے مرحلے میں صوبے کے کم شرح خواندگی والے بندوبستی اضلاع میں بھی یہ مہم شروع کی جائے گی۔
مہم کے تحت ان اضلاع میں سکول سے باہر بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے لئے پانچ سالہ جامع پلان ترتیب دیا گیا ہے‘جس کے لئے قلیل المدتی اور طویل المدتی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں۔
مہم کے تحت 5 سال سے 16 سال تک کی عمر کے بچوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اجلاس کے شرکاءکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضم اضلاع میں اس وقت مجموعی طور پر 55 فیصد یعنی 10 لاکھ بچے سکولوں سے باہر ہیں‘سکول سے باہر بچیوں کی تعداد 74 فیصد ہے۔
پلان کے تحت موجودہ سکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کے علاوہ اساتذہ کی دستیابی کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے،جبکہ گھوسٹ سکولوں اور گھوسٹ اساتذہ کی نشاندہی کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے
اجلاس کو بتایا گیا کہ ضم اضلاع میں سکولوں کی ریشنلائزیشن کی جائے گی اور سرپلس اسکولوں کو ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل سنٹرز میں تبدیل کرنے کے علاوہ دینی مدارس میں رسمی تعلیم متعارف کروانے کے لئے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔
شرح خواندگی بڑھانے کے لئے اساتذہ اور طلبہ کو خصوصی مراعات دیئے  جائیں گے۔
ٹاسک فورس اجلاس میں ضرورت کی بنیاد پر سکولوں کو اپگریڈ کرنے کے علاوہ دوسرے اضلاع میں تعینات ضم اضلاع کے ڈومیسائل والے اساتذہ کو فوری طور پر ان کے اپنے اضلاع میں تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں سکولوں میں ناپید سہولیات سے متعلق انکوائری ‘سکول کے پی سی ون کے مطابق کام نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی عمل میں لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواندگی مہم صوبے خصوصاً ضم اضلاع میں شرح خواندگی کو بڑھانے کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگی،مہم کی تیاری میں پاک فوج کا کردار قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت پاک فوج کے اس کردار کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے‘ضم اضلاع کو قومی دھارے میں لانے کے لئے پاک فوج کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
ضم اضلاع کی محرومیوں کا ازالہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے‘تعلیم ہی کے ذریعے ضم اضلاع کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کا امکان