پشاور، کنوینس الاﺅنس کے بقایاجات ماہانہ بنیادوں پر دینے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: محکمہ تعلیم کے اساتذہ کو موسمی تعطیلات کے دوران کنوینس الاﺅنس کی مدمیں بقایاجات یکمشت ادائیگی کے بجائے ماہانہ طور پر تنخواہوں میں یہ الاﺅنس دینے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
بقایاجات کی مدمیں یہ پیسے ڈپٹی کمشنرز کے اکاﺅنٹ ون سے جاری کئے جائیں گے اس لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے ایجوکیشن افسران اور اکاﺅنٹ افسران کو آگاہ کردیاگیاہے۔
ذرائع نے بتایا کہ سرکاری سکولوں کے اساتذہ سے موسم سرما اور موسم گرماکی تعطیلات کے دوران کنوینس الاﺅنس کی کٹوتی کی جارہی تھی جس کیخلاف اساتذہ نے پشاور ہائی کورٹ میں مقدمہ جیتا تھا اور عدالت نے محکمہ تعلیم کو یہ پیسے جاری کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن محکمہ خزانہ نے زیادہ لاگت کی وجہ سے ان احکامات پر عملدر آمد نہیں کیا تھا جس کیخلاف توہین عدالت کے سلسلے میں دوبارہ رجوع کیا گیا تھا۔
اس معاملے پر عدالت سے حتمی احکامات کے بعد ٹیچرز کو یکمشت ادائیگی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس پر بھی تنازع تھا لیکن اب یہ مسئلہ حل کردیا گیا ہے اور ٹیچرز کو ماہانہ تنخواہوں میں یہ الاﺅنس واپس کردیا جائے گا۔
اس شیڈول کے تحت کنوینس الاﺅنس کی مد میں ٹیچرز کو موسم گرماکی تعطیلات کے دوران14ہزار روپے الاﺅنس واپس کردیا جائے گا جس میں جون کے مہینے کی تنخواہ میں پانچ ہزار روپے، جولائی میں چار ہزار اور اگست کے مہینے میں5ہزار روپے دئیے جائیں گے .
ذرائع نے بتایا کہ ٹیچرز سے کنوینس الاﺅنس کی کٹوتی کا سلسلہ2011میں شروع کیا گیا تھا اس تناظر میں2011کے بعد سے بقایاجات جاری کئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں:  نائلہ کیانی نے نیپال میں دنیا کی پانچویں بلند ترین چوٹی مکالو کو سر کر لیا