صدر مملکت

عوامی مینڈیٹ کا احترام ناگزیر ہے،صدر مملکت

ویب ڈیسک: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام اور سیاسی شمولیت یقینی بنانا ناگزیر ہے ،نظام پر نوجوانوں کا اعتماد متزلزل ہوا تو یہ ملکی مفاد میں نہیں ہوگا۔
ہوسٹنگ بزنس نیٹ 2024 کے تیسرے ایڈیشن سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سوشل میڈیا ویب سائٹس کی بندش کی وجہ تنقید کا سامنا کرنے کیلئے فکری صلاحیت کی کمی ہے، افسوس ہے کہ قابل افراد کو سیاست سے نکالا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے مالیاتی شعبے میں ڈیجیٹل تبدیلی کے ذریعے معاشرے کے محروم طبقات کو معیشت کے مرکزی دھارے میں شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو ترقیاتی عمل سے باہر کرنے سے ملک پر منفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں صدر مملکت نے ملک میں سست فیصلہ سازی اور قیادت کے فقدان پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اچھی قیادت اور بروقت فیصلہ سازی کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی عوام ایک متحرک قوم ہے جسے بے شمار قدرتی وسائل سے نوازا گیا ہے، عوام کی فکری ترقی ، استعداد کار میں اضافے پر سرمایہ کاری کرنا ہوگی ، پاکستان 2 کروڑ 60 لاکھ اسکول نہ جانے والے بچوں کو تعلیمی نظام میں شامل کیے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔
صدر مملکت نے کہا کہ آبادی کے بڑے حصے کو تعلیم دینے کیلئے ہزاروں نئے اسکولوں اور اضافی وسائل درکار ہوں گے، اگر معاملے پر توجہ نہ دی گئی تو پاکستان خام افرادی قوت بغیر ویلیو ایڈیشن کے ہی برآمد کرے گا۔

مزید پڑھیں:  پشاور، ناجائز منافع خوری عروج پر، سبزیاں اور دال سمیت آٹا بھی مہنگا