سولہویں سپیکر

بابر سلیم سواتی خیبر پختونخوا اسمبلی کے سولہویں سپیکربن گئے

ویب ڈیسک: سنی اتحاد کونسل کے بابر سلیم سواتی نے خیبر پختونخوا اسمبلی کے سولہویں سپیکر کے طور پر حلف اٹھا لیا پی ٹی آئی حمایتی یافتہ وہ تیسرے سپیکر صوبائی اسمبلی ہیں ۔
پیپلز پارٹی کے سب سے زیادہ 6سپیکر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے ہیں جبکہ ہدایت اللہ چمکنی واحد شخصیت ہیں جو دو مرتبہ سپیکر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔
قیام پاکستان کے بعد اس وقت کی صوبہ سرحد اسمبلی کے سپیکر اللہ نواز خان منتخب ہوئے انہوں نے 13مارچ 1955تک خدمات انجام دیں ان کے بعد1955سے لیکر 1970تک ون یونٹ کے باعث صوبائی حیثیت ختم ہوگئی تھی یکم جولائی 1970 سے لیکر یکم مئی 1972تک مارشل لاءنافذ رہا۔
2فروری 1972سے 17جون 1973تک پیپلز پارٹی کے اسلم خٹک صوبائی اسمبلی کے سپیکر رہے 18جون 1973سے لیکر 8اپریل 1977تک پیپلز پارٹی کے محمد حنیف خان سپیکر رہے ۔
8اپریل 1977سے لیکر جولائی 1977تک پیپلز پارٹی کے سیف الرحمن کیانی سپیکر رہے 1977سے لیکر 1985تک مارشل لاء نافذ رہا 1985کے غیر جماعتی انتخابات کے بعد راجہ محمد امان اللہ خان سپیکر رہے انہوں نے 14مارچ 185سے لیکر دسمبر 1988تک خدمات انجام دیں۔
دو دسمبر 1988سے 7نومبر 1990تک پیپلز پارٹی کے بیرسٹر مسعود کوثر سپیکر رہے مسلم لیگ ن کے حبیب اللہ ترین 7نومبر 1990سے لیکر 20اکتوبر 1993سپیکر رہے عوامی نیشنل پارٹی کے ہدایت اللہ چمکنی 20اکتوبر 1993سے 19مئی 1994تک سپیکر رہے انہیں صدارتی حکم نامہ کے ذریعے ہٹایا گیا اس کے بعد پیپلز پارٹی کے عبدالاکبر خان 26مئی 1994سے لیکر 20فروری 1997تک سپیکر صوبائی اسمبلی رہے ۔
1997میں ہدایت اللہ چمکنی دوبارہ سپیکر صوبائی اسمبلی منتخب ہوگئے جو 2001تک اس عہدے پر رہے۔ 27نومبر 2002سے لیکر دو اکتوبر 2007تک متحدہ مجلس عمل کے بخت جہاں سپیکر رہے 29اپریل 2008سے لیکر 2013تک پیپلز پارٹی کے کرامت اللہ چغرمٹی سپیکر رہے جس کے بعد مئی 2013سے لیکر اگست 2018تک پی ٹی آئی کے اسد قیصر سپیکر صوبائی اسمبلی رہے ۔
پی ٹی آئی کے مشتاق غنی اگست 2018سے لیکر فروری 2024تک سپیکر کے عہدے پر رہے 29فروری 2024سے بابر سلیم سواتی کا بطور سپیکر صوبائی اسمبلی دور شروع ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں:  فیصل کریم کنڈی نے بطور گورنر خیبرپختونخوا حلف اٹھا لیا