تیرے وعدے پہ جئے ہم۔۔۔۔۔

سوئی ناردرن گیس کمپنی نے رمضان میں افطار و سحر کے اوقات میں بلا تعطل گیس کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے متعلقہ گیس کمپنی نے گیس فراہمی کے اوقات کا اعلان بھی کر دیا ہے، تاہم اگر اس قسم کے سابقہ اعلانات کا جائزہ لیا جائے جو گزشتہ برسوں میں سامنے آتے رہے ہیں تو ان پر” سٹیریو ٹائپ اعلانات” کی سرخی جمانے میں کوئی دقت نہیں ہوتی، گزشتہ کئی برس سے یعنی جب سے ملک میں گیس کی قلت کے حوالے سے صورتحال روز بروز گھمبیر ہوتی جا رہی ہے، رمضان کے مقدس مہینے میں اس نوع کے بیانات کوئی نئی بات نہیں، اس لئے اس تازہ اعلان پر بھی ”خوشی سے مر جانے” کے کلیئے کا اطلاق آسانی سے کیا جا سکتا ہے، اور یہ تو آنے والے دنوں میں معلوم ہو جائے گا کہ سوئی ناردرن گیس کے اس اعلان کی حقیقت کیا ہے؟ یعنی جب حسب سابق لوگوں کو اعلان کردہ اوقات میں گیس نہ ملنے کی شکایت پیدا ہوگی اور وہ چیخ چیخ کر احتجاج پر اتر آئیں گے، تاہم وہ جو سیانوں کے بقول” امید پر دنیا قائم ہے” کے مصداق اب کی بارگیس کی مقررہ اوقات میں بلا تعطل فراہمی کی خوش فہمی میں مبتلا ہونے میں کوئی قباحت نہیں، اللہ کرے کہ اب کی بار یہ وعدہ وفا ہو جائے۔

مزید پڑھیں:  ہراسانی کی کہانی طویل ہے