اداکار آغا شیراز کی مسجد میں جنات سے ملاقات اور بات چیت کا حیران کن واقعہ

کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار آغا شیراز نے مسجد میں جنات سے ملاقات کا انکشاف کیا ہے۔
حال ہی میں آغا شیراز نے اداکارہ و میزبان جگن کاظمی کی رمضان ٹرانسمیشن میں بطورِ مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی زندگی کا حیران کُن واقعہ سُنایا۔
آغا شیراز نے کہا کہ یہ واقعہ سال 2019 کا ہے، میں سی ویو کے قریب ایک مسجد میں عصر کی نماز پڑھ رہا تھا، میں جیسے ہی نماز مکمل کرکے دُعا مانگنے لگا تو ایک شخص نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا اور مجھے دوبارہ نماز پڑھنے کو کہا۔
اداکار نے کہا کہ اُس وقت سب لوگ جاچکے تھے، میں مسجد کے صحن میں اکیلا تھا تو اُس شخص نے مجھے کہا کہ جب تک تُم اللہ تعالیٰ کی محبت اور ہدایت حاصل نہیں کرو گے تب تک تمہاری وہ دُعا قبول نہیں ہوگی جس کے لیے تم پریشان ہو۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے اُس شخص کی نصیحت پر دھیان نہیں دیا کیونکہ مجھے یہی لگا تھا کہ کوئی ایسے ہی آدمی ہوگا جو دین کے نام پر لوگوں کو بیوقوف بناتے ہیں تو میں نے درود پاک پڑھ کر دُعا مکمل کی۔
آغا شیراز نے کہا کہ میں جب تک دُعا مانگ رہا تھا تو وہ شخص میرے پاس ہی موجود تھا لیکن جیسے ہی میں نے دُعا مکمل کرکے پیچھے دیکھا تو وہاں کوئی نہیں تھا، میں بہت حیران ہوا کیونکہ مسجد کا صحن بہت بڑا تھا تو کوئی بھی اتنی جلدی وہاں سے نہیں جاسکتا تھا۔
اداکار نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ میں موذن کے پاس گیا اور اُن سے پوچھا کہ یہاں ایک شخص آیا تھا وہ کہاں گیا؟ جس پر موذن نے کہا کہ یہاں صحن میں آپ کے علاوہ کوئی نہیں تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے موذن سے کہا آپ مذاق کررہے ہو، یہاں ایک شخص تھا، میں نے اُس سے باتیں بھی کی ہیں جس پر موذن نے کہا کہ صحن میں آپ اکیلے تھے اور میں دور سے آپ کو دیکھ رہا تھا کہ آپ کس سے باتیں کررہے ہو۔
آغا شیراز نے کہا کہ میں موذن کی بات سُن کر مزید پریشان ہوا اور پھر مسجد کے امام پاس گیا اور اُنہیں سب بتایا تو امام نے کہا کہ تمہیں اللہ نے چُن لیا ہے، اب تم وہ کرو جیسا اُس شخص نے تم سے کہا تھا اور جب تمہاری دُعا قبول ہوجائے تو اپنی پُرانی زندگی کی طرف مُڑ کر نہیں دیکھنا۔
اداکار نے کہا کہ میں نے امام سے کہا کہ یہی بات اُس شخص نے مجھ سے کہی تھی، آخر وہ کون تھا تو امام نے بتایا کہ جب سب لوگ نماز پڑھ کر چلے جاتے ہیں تو یہاں جنات نماز پڑھنے آتے ہیں، وہ کوئی عام انسان نہیں بلکہ جِن تھا جسے اللہ نے تمہاری ہدایت کے لیے بھیجا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امام کے مطابق، وہ گزشتہ 20 سال سے مسجد میں امامت کررہے تھے اور اس دوران، میں دوسرا شخص تھا جسے اس طرح جنات نے نصیحت کی ہو۔
آغاز شیراز نے کہا کہ میں نے دوبارہ عصر کی نماز پڑھی اور جیسے ہی دُعا مانگی تو فوراََ مجھے اُس شخص کی کال آگئی جس کی وجہ سے میں پریشان تھا، وہ ڈیڑھ سال سے میرے 15 لاکھ روپے لیکر فرار تھا اور اُس کا فون بھی بند تھا۔
اداکار نے کہا کہ اُس شخص نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کہاں ہو، میں نے بتایا کہ میں اس مسجد میں ہوں، 15 منٹ بعد وہ شخص مسجد کے باہر آیا اُس نے مجھے میرے 15 لاکھ روپے دیے اور مجھ سے معافی مانگی۔
اُنہوں نے کہا کہ میں نے گھر آکر بیگم کو رقم دی تو بیگم نے یقین نہیں کیا کیونکہ اُس شخص کا فون تب بھی بند ہی جارہا تھا، میں نے بیگم سے کہا کہ اُس شخص نے مجھے تھوڑی دیر پہلے ہی فون کیا تھا لیکن جب بیگم نے یقین نہیں کیا تو میں نے اپنا فون کال ریکارڈ نکلوایا۔
آغا شیراز نے مزید کہا کہ کال ریکارڈ نے مجھے مزید حیران کردیا تھا کیونکہ ریکارڈ میں اُس شخص کی کوئی کال ہی نہیں تھی اور اس طرح اس تمام واقعے نے میری زندگی بدل کر رکھ دی۔

مزید پڑھیں:  اداکارہ مدیحہ رضوی نے دوسری شادی کرلی