وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی زرعی زمینوں سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار اکٹھا کرنے کی ہدایت

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے صوبہ بھر میں زرعی زمینوں سے متعلق تفصیلی اعداد و شمار اکٹھا کرنے کی ہدایت کردی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ زراعت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں زراعت کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے اہم پالیسی فیصلے کرتے ہوئے احکامات جاری کئے گئے ۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے جدید فارمنگ ٹیکنالوجی متعارف کروانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ زراعت میں تحقیق کے شعبے کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگلے سیزن محکمہ زراعت کی تمام موزوں سرکاری زمینوں پر زعفران کاشت کرنے کے علاوہ بہتر پیداوار کے لئے پڑوسی ممالک میں کاشت کی جانے والی زعفران کی فصلوں کا جائزہ لیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے آمدن میں اضافے کے لئے محکمہ زراعت کی زمینوں کا بہتر استعمال یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موزوں علاقوں میں کسانوں کو زعفران کاشت کرنے کی طرف راغب کیا جائے۔
انہوں نے ضم اضلاع میں جنگلی زیتون کی گرافٹنگ کا پروگرام شروع کرنے کی ہدایت بھی دیتے ہوئے کہا کہ جن اضلاع میں پانی کی قلت ہے وہاں پر سبزیاں کاشت کرنے کے لئے چھوٹے مصنوعی ڈیمز تعمیر کئے جائیں گے ۔
صوبے کے مختلف ریجنز کے مخصوص موسمی حالات اور استعداد کے مطابق زرعی پیداوار کی کاشت کے لئے الگ الگ پلانز ترتیب دینے سمیت صوبے میں زرعی اراضی میں اضافے کے لئے قابل عمل منصوبے تیارکئے جائیں۔
علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لئے زرعی اجناس میں خود کفالت ناگزیر ہے، اس مقصد کے لئے قلیل المدتی اور طویل المدتی پلانز ترتیب دے کر ان پر عملدرآمد اورصوبے میں باغبانی کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں موزوں پھل دار درخت اگانے کے لئے سروے کے علاوہ محکمہ زراعت میں ڈونرز کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں میں مکمل شفافیت یقینی بنائی جائے۔
وزیر اعلیٰ نے محکمہ زراعت اور دیگر متعلقہ محکموں کے درمیان کوآرڈینیشن کا موثر نظام وضع کرنے کی ہدایت بھی کردی ۔

مزید پڑھیں:  بانی پی ٹی آئی کے بیانات غیر اہم ہیں ، خواجہ آصف