پولیس کا اہلکار گرفتار

کراچی میں اسلحہ کی سمگلنگ ناکام، خیبر پختونخوا پولیس کا اہلکار گرفتار

ویب ڈیسک: سندھ پولیس کے کائونٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے کارروائی کے دوران خیبرپختونخوا پولیس کے اہلکار کو گرفتار کرکے اسلحہ کی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس راجہ عمر خطاب کے مطابق سی ٹی ڈی انٹیلی جنس ونگ نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کے قریب کارروائی کی، ملزم پولیس اہلکار اظہرالدین کے پاس موجود اسکول بیگ سے چھوٹے ہتھیار برآمد ہوئے۔
انہوں نے بتایاکہ گرفتار ملزم کا تعلق بین الصوبائی اسلحہ اسمگلنگ گروہ سے ہے، یہ گروہ کراچی سمیت پاکستان میں آن لائن اسلحہ سپلائی کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ملزم کے پی کے بس اڈے کے منشی دانیال کے لیے کام کرتا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دانیال اسلحہ ڈیلرز قدیر، صدام اور ندیم اینڈ سنز کا مرکزی کارندہ ہے، گرفتار ملزم اظہرالدین کے قبضے سے خیبرپختونخواپولیس کا کارڈ برآمد ہوا ہے اور ملزم پہلے بھی کراچی میں اسلحہ کی سپلائی کرکے جاچکا ہے۔
راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ شہری آن لائن آرڈر بک کرواتے ہیں، ڈیلیوری دانیال منشی کرواتا ہے، دانیال آنے جانے کا کرایہ اور فی پستول معاوضہ ادا کرتا ہے اور ملزمان کراچی آکر پارٹی کے ہاتھ میں اسلحہ دیتے ہیں اور واپس آجاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:  خالد لطیف نے خود استعفیٰ دیا،شیر افضل مروت کی وضاحت