تخت بھائی میں کھلی کچہری، سرکاری محکموں کیخلاف شکایات کے ڈھیر

ویب ڈیسک: تخت بھائی میں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے سلسلے میں کمشنر مردان شوکت علی یوسفزئی اور ڈی سی فیاض شیرپاو کی جانب سے تخت بھائی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
اس دوران موقع پر موجود عوام نے سرکاری محکموں کیخلاف شکایات کے ڈھیر لگا دیئے۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر موجود عوام کی طرف سے انتقالات و سروسز ڈیلیوری سنٹرز، صفائی ستھرائی، مہنگائی، نکاس آب، یوٹیلیٹی سٹورز، ناجائز تجاوزات، گلی کوچوں کی تعمیر و مرمت اور خصوصی طور پر ہسپتالوں سے متعلق شکایات پیش کی گئیں۔
عوام کا کہنا تھا کہ انہیں کہیں بھی سہولت میسر نہیں، ہسپتال میں علاج معالجہ سمیت دیگر دفاتر میں انتہائی مشکل پیش آتی ہے۔
اس موقع پر کمشنر مردان ڈویژن شوکت علی یوسفزئی اور ڈی سی فیاض شیرپاو نے عوامی شکایات پر احکامات جاری کیے تاکہ عوامی شکایات کا فی الفور ازالہ کیا جا سکے۔
کمشنر مردان کا کھلی کچہری کے موقع پر کہنا تھا کہ صوبائی حکومت و ضلعی انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عوامی مسائل انکی دہلیز پر حل کئے جائیں۔

مزید پڑھیں:  پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خواجہ سرا شدید زخمی، تھقیقات شروع