زمان پارک کاگھیرائو

زمان پارک کاگھیرائو،رینجرزطلب،ریلی ملتوی

ویب ڈیسک:نگران پنجاب حکومت کی جانب سے لاہور میں دفعہ144نافذ کرتے ہوئے ر ینجرز طلب کرنے کے فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے ریلی ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی نے8مارچ کو بھی لاہور میں ریلی نکالنے کا اعلان کیا تھا جب کہ انتظامیہ کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کرنے کے بعد پولیس نے کریک ڈائون کیا جس کے دوران ایک کارکن جاں بحق ہوگیا تھا۔سابق وزیر اعظم نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ دفعہ 144 غیر قانونی طور پر صرف اور صرف پی ٹی آئی کی انتخابی مہم پر لگائی گئی ہے جب کہ لاہور میں دیگر تمام عوامی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ صرف زمان پارک کو کنٹینرز اور پولیس کی بھاری نفری نے گھیر رکھا ہے، واضح طور پر 8 مارچ کی طرح پنجاب کے وزیراعلیٰ اور پولیس تصادم کو ہوا دینا چاہتے ہیں تاکہ اسے پی ٹی آئی قیادت اور کارکنوں کے خلاف مزید جعلی ایف آئی آر درج کرنے اور انتخابات ملتوی کرنے کے بہانے کے طور پر استعمال کیا جاسکے۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے تو انتخابی سرگرمیوں پر دفعہ 144 کیسے لگائی جا سکتی ہے؟ میں تمام پی ٹی آئی ورکرز سے کہہ رہا ہوں کہ اس جال میں نہ پھنسیں
اس لیے ہم نے ریلی پیر تک تک ملتوی کر دی ہے۔یادرہے کہ پنجاب کے نگران وزیر اطلاعات عامرمیر نے لاہورمیں دفعہ144 کے نفاذ کااعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر پی ٹی آئی کی جانب سے مزاحمت کی گئی تو دفعہ 144 کو آگے بڑھا دیا جائے گا، انتخابی مہم 6 اپریل سے شروع ہوگی اور اس سے پہلے جو بھی ہے اسے سیاسی سرگرمی کے طور پر لیا جائے گا۔تحریک انصاف نے دفعہ144کے نفاذ کولاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کرنے کافیصلہ کیا ہے اورالیکشن کمیشن کوبھی درخواست دے دی ہے،چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجا نے تحریک انصاف کی درخواست پرآج اہم اجلاس طلب کرلیا ہے ۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ میں خاتون کے ہاں بیک وقت 4بچوں کی پیدائش