1 20

چیئرمین نادرا طارق ملک کی وزارت خارجہ میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

ویب ڈیسک(اسلام ): چیئرمین نادرا طارق ملک کی وزارت خارجہ میں وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات، دوران ملاقات بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو نادرا کی جانب سے فراہم کی جانیوالی مختلف سہولیات کے حوالے سے تبادلہ ء خیال۔

وزیر خارجہ نے بطور چیرمین نادرا ذمہ داریاں سنبھالنے پر طارق ملک کو مبارکباد دی۔

چیرمین نادرا طارق ملک نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوجانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول میں نادرا کی جانب سے متعارف کروائے گئے نئے ڈجیٹل نظام سے وزیر خارجہ کو آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اب گھر بیٹھے نادرا کی ڈیجیٹل سروسز سے مستفید ہوں گے۔

چیئرمین نادرا نے بیرونی ملک مقیم پاکستانیوں کوکمپیوٹرائزڈ جانشینی سرٹیفکیٹ اور لیٹر آف ایڈمنسٹریشن کے حصول کیلئے آن لائن بائیومیٹرک ویریفکیشن کی سہولت کے حوالے سے بھی مفصل بریفنگ دی،اس سے پہلے جانشینی سرٹیفکیٹ کے حصول کے لئے قانونی طور پر تمام ورثاء کوعدالتوں میں بذات خود پیش ہونا پڑتا تھا۔

مزید پڑھیں:  چین میں شدید بارشیں، تباہ کن سیلاب سے لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور

چیرمین نادرا طارق ملک کا کہنا تھا نادرا کے نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانی اور ان کے قانونی ورثاء جانشینی سرٹیفکیٹ کے لئے انگلیوں کے نشانات گھر بیٹھے آن لائن فراہم کر سکیں گے،وہ بیرون ملک مقیم پاکستانی جن کی انگلیوں کے نشانات کی تصدیق آن لائن نہیں ہو پائے گی ان کی سہولت کے لئے نادرا ون ونڈو کاؤنٹر16 قونصلیٹ کے دفاتر میں قائم کیے جائیں گے،اس سہولت کو ایک سال کے اندر بتدریج 52 ممالک تک وسعت دی جائے گی۔

چیئرمین نادرا نے سیاحت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے تیار کردہ، آن لائن ویزا سسٹم پر بھی وزیر خارجہ کو بریفنگ دی ، اس نے بتایا کہ یہ سہولت 191 ممالک میں تمام نوعیت کے ویزوں کے اجرا کیلئے مہیا کی جا رہی ہے،اس سہولت کے تحت اب تک 361, 206 ویزے پراسیس کئے جا چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:  امریکی جامعات میں مظاہروں نے نیتن یاہو کے ہوش اڑا دیئے

انہوں نے مزید بتایا کہ نادرا کی دیگر سہولیات بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جا رہی ہیں،اب تک 1,832,335 پاکستانیوں کو شناختی دستاویزات اور 690,467 پاکستانیوں کو آن لائن پاسپورٹ کے لئے نادرا کی ڈیجیٹل سہولیات (آن لائن سروسز) مہیا کی جا چکی ہیں۔

وزیر خارجہ نے نادرا کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو فراہم کی جانیوالی سہولیات کو سراہا اور کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں،بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایات کے ازالے کیلئے وزارتِ خارجہ میں ایف ایم پورٹل قائم کر دیا گیا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے ترجیحی بنیادوں پر حل کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔