شراب میں مچھلی

شراب میں مچھلی ڈال دی جائے تو وہ جائز ہو جاتی ہے، جے یو آئی رہنما

ویب ڈیسک(پشاور) جمعیت علماء اسلام ف کے رکنِ قومی اسمبلی اور چیئرمین انسدادِ منشیات کمیٹی مولانا صلاح الدین ایوبی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہتے ہیں کہ اگر شراب میں مچھلی ڈال دی جائے تو وہ جائز ہو جاتی ہے۔

چیئرمین انسدادِ منشیات کمیٹی مولانا صلاح الدین ایوبی نے صحافی سے گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ اگر شراب میں مچھلی ڈال دی جائے تو وہ شراب نہیں رہے گی بلکہ سرکہ بن جائیگا جس کے بعد اس کو پینا جائز ہوگا۔ اس پر صحافی نے ان سے سوال پوچھا کہ اور کیا چیز ڈالیں کہ شراب جائز ہو جائے گی؟ اس پر مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ یہ تو پورا سسٹم ہے، آپ کسی وقت مدرسے میں آجائیں تو آپ کو دکھا دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بڑی مقدار میں ڈالر افغانستان گیا ہے ، شیخ رشید

جب ان سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ چاہتے ہیں کہ شراب کو جائز قرار دے دیا جائے؟ اس کا جواب دیتے ہوئے جے یو آئی ف کے رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے کمیٹی میں یہ بات مثال کے طور پر کہی تھی کیوں کہ یہ بات چل رہی تھی کہ مولوی بھنگ کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، بھنگ کا پیچھا چھوڑ دیں، اس پر میں نے کہا کہ اللہ نے ایک چیز حرام کی ہے تو ہم مولوی تو اس کو حلال نہیں کر سکتے، کوئی حکمت عملی بنا لو اور علماء سے طریقہ پوچھ لو، اس پر مثال دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شراب کے پیالے میں مچھلی ڈال دو تو وہ شراب نہیں رہے گی بلکہ سرکہ بن جائے گا جو کہ جائز ہے۔

جمعیت علماء اسلام ف کے رکن قومی اسمبلی مولانا صلاح الدین ایوبی نے کہا کہ منشیات کے خلاف صرف باتیں کی جاتی ہیں لیکن عملی کام نہیں ہو رہا، پورے پاکستان کے نوجوانوں میں منشیات تیزی سے پھیل رہی ہیں، یہ خاموش دہشت گردی ہے جس کے خلاف ہم سب کو آواز اٹھانا ہوگی۔