لنڈیکوتل مویشی منڈی میں فائرنگ

لنڈیکوتل مویشی منڈی میں فائرنگ،5افرادزخمی،کئی جانورہلاک

لنڈی کوتل( نمائندہ مشرق )ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل میں مرکزی بازار کے قریب مویشی منڈی سے پیسوں کی وصولی پر دو فریقین کے درمیان لڑائی اور فائرنگ کے نتیجہ میں پانچ افراد زخمی جبکہ 10دنبے اور ایک بھینس ہلاک ہو گئی۔

واقعہ قبیلہ خو گا خیل کے شاہ محمد شنواری اور معراج الدین شنواری کے گروپوں کے درمیان اس وقت پیش آیا جب ٹی ایم اے کے ایما پر مویشی مالکان سے ٹیکس وصول کیا جا رہا تھا ۔

اس دوران لڑائی شروع ہوگئی اور نوبت فائرنگ تک جا پہنچی۔ فائرنگ کی زد میں آنے والے افراد میں دو کا تعلق شبقدر جبکہ تین مقامی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق زخمیوں میں فرمان ولد سبز علی سکنہ شبقدر ، ضیا الحق ولد محمد یوسف میر داد خیل، مقدس ولد اسد اللہ سکنہ خوگا خیل کنڈو خیل، اعظم شیر ولد عبدالحمید سکنہ شبقدر اور اسرار ولد نور تاج شبقدر شامل ہیں۔

مزید پڑھیں:  مردان، بونیر روڈ گملہ گٹ کے قریب لاوارث تشدد زدہ لاش برآمد

واقعہ میں ہلاک ہونے والے مویشی بھی بیوپاریوں کے ہیں جنہیں وہ فروخت کرنے منڈی لےکر آئے تھے ایک زخمی کو تشویشناک حالت میں پشاور کے ہسپتال منتقل کر دیا گیاہے ۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ بالا فریقین کے درمیان کئی روز سے منڈی کے تنازعہ پر چپقلش چلی آرہی ہے۔ دور روز قبل بھی جھڑپ میں 5افراد زخمی ہوگئے تھے جس میں گرفتاریاں کرکے ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے ۔ اتوار کے روز لڑائی کے بعد فریقین کے مسلح افراد کو حراست میں لےکر رپورٹ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ واقعہ کے بعد متاثرہ بیوپاریوں نے مردہ مویشی طورخم روڈ پر رکھ کر انصاف کی فراہمی کیلئے مظاہرہ کیا اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مزید پڑھیں:  سینئرفوجی کمانڈروں کی شہیدکسٹم اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقاتیں