جشن عید میلاد النبی ﷺ آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

ویب ڈیسک: خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ولادت باسعادت کا دن ، جشن عید میلاد النبی ﷺ آج انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔
تمام جہانوں کے سردار نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت کا جشن ملک بھر میں مذہبی جوش وجذبے سے منایا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں محافل میلاد النبی ﷺ کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے، شمع رسالت کے پروانے اپنے اپنے انداز میں نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں، فضائیں دورو و سلام کی صداؤں سے گونج رہی ہیں، چھوٹے بڑے شہروں میں آج ریلیاں نکالی جائیں گی، نذرو نیاز اور لنگر کا بھی خصوصی اہتمام کیا جائے گا۔
حضرت محمد ﷺ کے جشن ولادت پر دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ مساجد میں نماز فجر کے بعد مسلم امہ اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
سرور کونین ﷺ کے جشن ولادت باسعادت کی خوشی کے موقع پر تمام سرکاری وغیرسرکاری عمارتوں پرچراغاں کیا گیاہے جبکہ گھروں، مساجد، دفاتر، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور : آٹے کی قیمتوں میں مزید کمی ،20کلو کا تھیلا 1900روپے پر آگیا