کرکٹ ٹورنامنٹ پاکستان کو شکست

سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ، نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی

نیوزی لینڈ میں جاری سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ میں میزبان نیوزی لینڈ نے پاکستان کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد نو وکٹوں سے شکست دیکر پہلی شکست کا بدلہ لے لیا، نیوزی لینڈ کی جیت میں اہم کردار فین ایلن اور ڈیون کانوائے کی عمدہ بیٹنگ کا رہا جبکہ مائیکل بریس ویل نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ جیتا، تفصیلات کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور پاکستان کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر صرف 130 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی، پاکستان کی جانب سے بہترین سکور ستائیس رنز رہا جو افتخار احمد نے سکور کیا، محمد آصف پچیس رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے-
بابر اعظم نے اکیس، محمد رضوان نے سولہ رنز بنائے، نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائوتھی، مچل سانٹر اور مائیکل بریسویل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ سودھی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 16.1 اوورز میں حاصل کرتے ہوئے میچ نو وکٹوں سے جیت لیا، فین ایلن 62 رنزبنائے جبکہ ڈیون 49 اور کین ولیمسن نو رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے، پاکستان کی جانب سے شاداب خان ایک وکٹ حاصل کرسکے، مائیکل بریسویل کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  چوتھا ٹی 20:نیوزی لینڈنے پاکستان کو 4رنز سے شکست دیدی