عمران خان نے اداکاری

عمران خان نے اداکاری میں سب کو پیچھے چھوڑ دیا، مولانا فضل الرحمٰن

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، اس کی ڈرامہ بازیاں سمجھ نہیں آتیں
ویب ڈیسک: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل ارحمٰن کا اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ایک نیا ڈرامہ رچایا گیا، پہلے خبر آئی تو ہم سب پریشان ہوئے، ہم نے ہمدردی کا اظہارکیا، گولی ایک چلی یا برسٹ مارا گیا، گولی ایک لگی، دو لگی تین لگی یا چار، ایک ٹانگ میں لگی یا دو ٹانگوں میں لگیں، حادثے کا سہارا لےکر قوم کو اضطراب میں ڈالا جا رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جس طرح برادرانِ یوسف نے قمیص پر خون لگایا تھا یہاں بھی ایسا ہی لگ رہا ہے، عمران خان کسی ہسپتال میں جانے کو تیار نہیں، ہڈی کا علاج کینسر کے اسپتال میں ہو رہا ہے، عمران خان نے اداکاری میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے،
سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد پر نکالے جانے والے نے جھوٹا سائفر لہرایا، لانگ مارچ ناکام ہو چکا ہے، سکیورٹی کی ذمہ داری پنجاب حکومت کی تھی، عمران خان کے جھوٹ پر تحقیقات ہونی چاہیے.
ان کا کہنا تھا کہ بم کا ٹکڑا تو ہوتا ہےگولیوں کے ٹکڑے نہیں ہوتے ، کبھی دوڑ کر چلتا ہے کبھی پلاسٹر چڑھا لیتاہے، واقعہ کدھر ہوتا ہے اور ملبہ کہاں ڈال دیا جاتا ہے، ایسی ڈرامے بازیاں سمجھ نہیں آرہیں.
انہوں نے کہا کہ اب اس طریقے سے معاملات نہیں چلائے جاسکتے، ڈرامے کے بعد ہمدردی کا موقع کھو دیا ہے، حکومت سے کہتا ہوں سختی سے پیش آئے، کسی کو پاکستان سے کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ان کے ساتھ اب کوئی نرمی نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں:  نگران حکومت میں گندم درآمد کرنے کی تحقیقات کا حکم