مشرقیات

ہم ہار گئے اچھا کھیل کر اور اسی لیے اس ٹیم کے ہر کھلاڑی کی تعریف ہونی چاہئے ،ایک دانشور کے بقول تاج برطانیہ جیسا ملک وہاں ہر بندے اور خاص کر کھلاڑیوں کو حاصل سہولیات کا معلوم کریں اورپھر اپنے ہاں کے ہما شما کا ان سے موازنہ کریں تو لگ پتا جائے گا۔اس کے باوجود اگر ہمارے جوانوں نے ان کا مقابلہ ہی نہیں کیا دس ملکوںکو بچھاڑ کر فائنل تک رسائی بھی حاصل کر لی تو ان جوانوں کی تعریف ہونی چاہئے تعریف ہم نے کر لی اب آئیں اگر مگر کی طرف۔پہلی بات تو یہ کہ جو محنت کرتا ہے وہ میٹھا پھل پاتا ہے۔اس اصول کو سامنے رکھیں تو اپنے ہاں کسی ایک شعبے میں بھی ہم میٹھے پھل کو ترس ہی رہے ہیں۔باالفاظ دیگر ہر شعبہ حیات میں ہم نے ہارکو گلے کا طوق بنایا ہوا ہے۔سیاست پر تو ہم بہت کچھ کہہ لکھ چکے اس کی بات کرنے کی ضرورت ہی نہیں ہر شخص جانتا ہے کہ ہماری سیاسی لاٹ ملک وقوم کو ڈبونے کی پوری کوشش کر رہی ہے اس لیے سیاست کو آج رہنے ہی دیں۔سب سے پہلے ان اساتذہ کا ذکر جن کے باعث آپ اور میں کہیںکے بھی نہیں رہے۔گئے دنوں کے اساتذہ کی بات ہم نہیں کر رہے آج کے اساتذہ کا ذکر خیر ہے جن میں بہت سے صبح اٹھتے ہی بائیوسکول دوڑ پڑتے ہیں بائیومیٹرک حاضری لگانے اور اس کے بعد گدھے سلمانی ٹوپی پہن کر غائب ہو جاتے ہیں ان کی عبرت ناک شکست کا حال دیکھنا ہو تو میٹرک کے سالانہ نتائج دیکھ لیا کریں،یا پھر اچانک کسی سرکاری سکول کا دورہ کر کے طالبعلموںسے دو چار سوال کر کے دیکھ لیں بس شرط یہ ہے کہ سوال کرنے والا انسپکٹر بھی سفارش رقعے یا نوٹوں کی گڈی دے کر بھرتی نہ ہوا ہو۔ڈاکٹر حضرات کتنی محنت کرکے سند حاصل کرتے ہیں اور اسکے بعد سرکاری مراعات عہدوں کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑ جاتے ہیں ان کا بنیادی کام مریض کی دوا دارو ہوتا ہے ایک آدھ دواسے کام چلتا ہو تو مریض کے نسخے میں آٹھ دس دوائیں لکھ کر اسے عالم بالا کی سیر کرنے کا ٹکٹ تھما دیتے ہیں۔اپنے ہاںکے اسپتالوں پر ایک نظر ڈال لیں ڈاکٹر حضرات بھی ناکام نظر آتے ہیں ،بابوئوں کے ہاتھ میں ہم نے ملک بھر کی باگ دوڑ دے رکھی ہے اس لیے یہ اپنی مرضی سے ملک وقوم کو جدھر چاہے ادھر پھیر کی مثا ل بنے ہوئے ہیں ،ان کے ہاں غیر تحریری اصولوں پر عمل ہوتا ہے کہ کسی بھی مفاد عامہ کے کام کے لیے مختص فنڈز پر کٹ لگا کر سب سے پہلے اپنا حصہ نکالنا ہے بھلے زمانے تھے یہ حصہ آٹے میں نمک برابر ہوتا تھا آج کل آٹا یہ خود رکھ لیتے ہیں نمک برابر حصے سے مفاد عامہ کا کام لیا جاتا ہے جو مفاد عامہ کی بجائے تباہی کا باعث ہی بنتا ہے کیا آپ نے حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والی تباہی اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھی ؟

مزید پڑھیں:  حکومت کیلئے کام مت دیکھیں