خواجہ آصف

عمران خان اچانک نازل نہیں ہوا،منصوبے کے تحت لانچ کیا گیا، خواجہ آصف

ویب ڈیسک :وزیر دفاع اور پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ عمران خان کے محسن لیکن یہ شخص محسن کش ہے اور اس کو بھی گالیاں دیں۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ باقاعدہ منصوبے کے تحت ایک شخص کو اقتدار میں لایاگیا، وہ شخص نئی نسل کو تباہ کرکے آوازیں دے رہا ہے کہ اسے الیکشن دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا عمران خان اچانک نازل نہیں ہوا، اسے ایجنڈے کے تحت لانچ کیا گیا
منصوبہ سازوں نے تہیہ کر لیا تھا کہ اسے ریاست پر مسلط کرناہے، اس کے نتائج سب کے سامنے ہیں، عمران خان ایک تجربہ تھا جسے 13،2012 میں لانچ کیا گیا تھا، یہ غلط اور تباہی کا تجربہ تھا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ سات آٹھ ماہ سے کوشش میں ہیں کہ ملک کو دوبارہ پٹری پر ڈالا جائے،مسلم لیگ ن نے ریاست اور سیاست کا بیڑا دوبارہ اٹھایا، جس طرح نواز شریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا تھا اسی طرح ملک کو دبارہ ترقی کی طرف گامزن کریں گے۔ دوران خطاب خواجہ آصف نے کہا کہ ہمیں تین چار سال جیلیں، قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں، عمران خان کہتا تھا برطانیہ میں انصاف ہوتا ہے، شہباز شریف کو وہاں سے انصاف ملا
آج وہ کہاں ہے جو کہتا تھا اللہ کو جان دینی ہے، منشیات کے جھوٹے کیس میں مرد مجاہد رانا ثناء اللہ باعزت بری ہوا۔ پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر دفاع بولے انہوں نے انصاف کے راستے بند کیے، ہم پر زمین تنگ کی گئی لیکن ہمارا رب دیکھ رہا تھا، عمران خان نے خانہ کعبہ والی گھڑی بیچ دی،کارکن کہتے ہیں خان صاحب بڑا ایماندار ہے لیکن یہ تو بڑا چور نکلا، مرشد نے زلفی بخاری کے ذریعے گھڑیاں بیچیں، اس کی دولت اور اقتدار کی ہوس کی کوئی حد نہیں، یہ گناہ عمران اور اس کے ساتھیوں کے ذمے آئے گا۔

مزید پڑھیں:  رافیل نڈال کی ٹینس کورٹ میں واپسی، میڈرڈ اوپن کا فاتحانہ آغاز