6سینئر ڈاکٹروں گرفتاری

6سینئر ڈاکٹروں اور ڈائریکٹر نرسنگ کی گرفتاری کا فیصلہ

ویب ڈیسک: مختلف الزامات پر خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور کے سکیل19اور20 کے6 سینئر ڈاکٹرز اور ایک سابق نرسنگ ڈائریکٹر کو گرفتار کر نے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اس سلسلے میں محکمہ انٹی کرپشن کی درخواست پر محکمہ صحت نے چیف سیکرٹری سے گرفتاری کی اجازت مانگ لی ہے ۔ منظوری کے بعد کارروائی کی جائے گی۔ معتبر ذرائع نے مشرق کو بتایا ہے کہ خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور میں بھرتی اور مبینہ بد عنوانی کے الزامات پر محکمہ انٹی کرپشن کی جانب سے انکوائری کرائی گئی تھی جس میں شواہد ملنے کے بعد ہسپتال کے اعلیٰ عہدیداروں کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے
اس ضمن میں انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ نے گرفتاری کی اجازت کیلئے محکمہ صحت کو درخواست ارسال کی تھی جس کی روشنی میں محکمہ صحت نے چیف سیکرٹری کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے جن افسروں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ان میں سابق میڈیکل ڈائریکٹر، ہسپتال ڈائریکٹر، ایسوسی ایٹ پروفیسر خیبر میڈیکل کالج پشاور، ایک پروفیسر اور سابق ڈائریکٹر نرسنگ شامل ہیں ذرائع نے بتایا کہ ان ملازمین میں سے بعض سرکاری اور بعض ایم ٹی آئی ایکٹ کے تحت تعینات تھے اس لئے ان کے حوالے سے الگ الگ مراسلہ بھیجنے کی ہدایت کی گئی ہے اجازت ملنے کی صورت میں مذکورہ تمام عہدیداروں کو گرفتار کر لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  فائر فائٹرز کا عالمی دن آج دنیا بھر میں منایا جا رہا ہے