پشاور میں وارداتیں

پشاورمیں 5وارداتیں، 28لاکھ، 2بائیک اور موبائل فون لوٹ لئے گئے

ویب ڈیسک : پشاور میں نامعلوم رہزنوں نے 5وارداتوں کے دوران 28 لاکھ روپے، 2 موٹرسائیکلیں، کپڑے اور متعدد موبائل چھین لئے۔ نجی یونیورسٹی کے طالبعلم اور بارگین ڈیلر اظہرالدین ولد رفیق ساکن لوئر دیر حال پشاور نے تہکال پولیس کو بتایاکہ اس نے 22لاکھ روپے میں گاڑی فروخت کی اور رقم سعودی ریال میں تبدیل کرانے کیلئے چوک یادگار گیا
رقم سعودی ریال میں تبدیل نہ ہو سکی، واپسی پر مین یونیورسٹی روڈ جہانگیر آباد سٹاپ پر بغیر نمبر پلیٹ کے موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح رہزنوں نے مجھے روکا اور اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنا کر 22 لاکھ روپے چھین کر فرار ہو گئے۔ ادھر تھانہ آغا میر جانی شاہ کے علاقہ نہر غاڑہ یکہ توت میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مسلح رہزنوں نے نور خان ولد نادر خان سے اسلحہ کی نوک پر نئی ماڈل کی 125سی سی موٹرسائیکل چھین لی جبکہ تھانہ سربند کے علاقے لنڈی اخون احمد میں رہزنوں نے اقراء روضتہ الاطفال ٹرسٹ کے ملازمین سجاد علی ولد عبدالرئوف ساکن مدینہ کالونی اور ثاقب ولد محمد ایوب ساکن کوٹلہ محسن خان سے اسلحہ کی نوک پر 6 لاکھ 41 ہزار روپے اور دو قیمتی موبائل چھین لئے۔ مدعی ثاقب کے مطابق رہزنی واردات میں پھوپی زاد ملوث ہے جس کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔
ادھر تھانہ چمکنی کے علاقے میں خان پور بیکری کے قریب چار مسلح رہزنوں نے مبارک شاہ ولد سید ابو علی شاہ ساکن چغلپورہ سے موٹرسائیکل چھینی جبکہ کوہاٹ روڈ سٹی ہسپتال کے قریب چوروں نے صدام حسین کی ہتھ ریڑھی سے ہزاروں روپے مالیت کے کپڑے چرا لئے۔ پولیس نے محمد فرقان کیخلاف چوری کا مقدمہ درج کر لیا۔

مزید پڑھیں:  ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا