سکول نہ جانے والے بچوں

لکی میں سکول نہ جانے والے بچوں کے اعدادوشمارطلب

ویب ڈیسک: ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لکی مروت گل فراز خٹک نے سکولوں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ سکولوں کے فیڈنگ ایریا کی نقشہ سازی کریں اور علاقے میں سکول نہ جانیوالے تمام بچوں کا ڈیٹا اکٹھا کریں۔ یہ ہدایات انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کمپلیکس تاجہ زئی میں اپنی زیر صدارت انرولمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے دوران جاری کیں۔ڈی ای او محمد الیاس خان خٹک کی ہدایت پر منعقدہ اجلاس میں ایس ڈی ای او لکی عبدالرحمان رشید، ایس ڈی ای او نورنگ رحمان شاہ، ایس ڈی ای او غزنی خیل قدیر شاہ، ایس ڈی ای او بیٹنی بختیار خان ، اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اوراسسٹنٹ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسرز نے شرکت کی۔
ڈپٹی ڈی ای او گل فراز خٹک نے کہا کہ اس سرگرمی سے آئوٹ آف سکول بچوں کی شناخت اور انہیں سکولوں میں لانے کے لئے جاری کوششوں کو تقویت ملے گی ۔انہوں نے ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (EMIS) کے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ فوکل پرسنز اوراے ایس ڈی ای اوز کومحکمہ تعلیم کے مربوط انفارمیشن سسٹم (IEMIS) پر نئے داخل ہونے والے طلبہ کا ڈیٹا اپ لوڈ کرنے کی تربیت فراہم کریں۔ڈپٹی ڈی ای او نے سب ڈویژنل ایجوکیشن افسران سے کہا کہ وہ اپنے متعلقہ سب ڈویژنوں میں داخلہ مہم کے سلسلے میں آگاہی واک کا اہتمام کریں اور سکول لیڈرز کو مہم میں شامل کریں تاکہ اسے کامیاب بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسرز اپنے متعلقہ سب ڈویژنل ایجوکیشن دفاتر کے ذریعے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کوبچوں کے داخلوں سے متعلق پیشرفت سے آگاہ کریں گے۔ گل فراز خٹک نے کہا کہ داخلے کاٹارگٹ حاصل کرنے والے افسران اور سکول سربراہان کو تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل بیانات مسترد، تجارتی پابندی برقرار رہے گی، ترکیہ