کھلاڑی کو گھٹنے کے بل بٹھانے والے ریفری پر 12 میچ کی پابندی

میکسیکو کے ریفری فرنینڈو ہرنینڈز کو امریکہ اور لیون کے درمیان میچ میں ایک کھلاڑی کو گھٹنے کے بل بٹھانے پر 12 میچوں کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ ہرنینڈز نے لیون کے لوکاس رومیرو کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا جب ایک فاؤل کی تصدیق کے لئے رومیرو اور اس کے ساتھی ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کے جائزے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ رومیرو پر بھی شدید ردعمل دکھانے پر دو میچوں کی پابندی عائد کی گئی ہے۔ ہرنینڈز نے کہا۔”میں رومیرو کے ساتھ ساتھ عوام اور مداحوں سے بھی اپنے ردعمل کے لئے معافی مانگتا ہوں، میں اپنے فرائض سے واقف ہوں اور ڈسپلنری کمیشن کے فیصلی کی پابندی کروں گا۔” لوکاس رومیرو نے میچ کے بعد کہا کہ انہوں نے ہرنینڈز کو سزا کے لئے نہیں بلایا تھا یہ صرف ایک غلط فہمی تھی۔ میکسیکن لیگ میں لیون اور امریکہ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں اور گرما گرم میچ میں ہیڈ کوچ فرنینڈو اورٹیز اور نکولس لارکامون کو بھی کھیل کے دوران ٹچ لائن پر ایک دوسرے کے ساتھ ہاتھا پائی کرنے پر برخاست کر دیا گیا۔ لیون کے کوچ لارکامون کی امریکی بنچ سے لڑائی کے بعد اپنی شرٹ پھٹی ہوئی تصاویر میچ کے بعد سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہیں اور دونوں مینیجرز پر دو دو میچوں کی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان اور جاپان کامیچ برابررہا