تیسرا ٹی 20، سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کی 4 رنز سے فتح

نیوزی لینڈ نے تیسرے ٹی 20 میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد گرین شرٹس کو 4 رنز سے شکست دے دی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنز بنائے۔ کپتان ٹام لیتھم 64 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیرل مچل 33 اور ول ینگ 17 رنز بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور حارث رؤف نے 2,2 جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں پاکستان ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنا سکی۔ اوپننگ سمیت مڈل آرڈر بلے باز متاثر کن کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم ساتویں نمبر پر آنے والے افتخار احمد نے 24 گیندوں پر 60 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ بچانے کی بھرپور کوشش کی جس میں فہیم اشرف نے بھی 14 گیندوں پر 26 رنز بنا کے افتخار کا ساتھ دیا لیکن دونوں ہی آخر میں تیز کھیلنے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ فخر زمان 17 اور صائم ایوب 16 رنز بنا سکے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمس نیشم نے 3، ایڈم ملنے اور رچن رویندرا نے 2,2 جبکہ میٹ ہینری اور ایش سودھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ نیوزی لینڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں پہلی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

مزید پڑھیں:  قومی ہاکی ٹیم 13سال بعد اذلان شاہ کپ کے فائنل میں پہنچ گئی