گال ٹیسٹ

گال ٹیسٹ، سری لنکا کی اننگز اور 280 رنز سے فتح

سری لنکا کے لیفٹ آرم سپنر پرباتھ جے سوریا کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت میزبان سری لنکا نے گال ٹیسٹ میں آئرلینڈ کو اننگز اور 280 کے بڑے مارجن سے شکست دے دی۔ پرباتھ نے دونوں اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ آئرلینڈ کی ٹیم سری لنکا کے دورے پر موجود ہے جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے پہلے ٹیسٹ میں مہمان آئرلینڈ ٹیم فالو آن کا شکار ہو گئی ہے۔ میزبان سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگ میں 6 کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے پر 591 رنز بنا کر اننگ ڈیکلیئر کر دی۔ سری لنکا کی اننگ میں چار کھلاڑیوں نے سنچری سکور کی۔ کپتان ڈیموتھ کارونارتنے 179 اور کسال مینڈس 140 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ وکٹ کیپر بلے باز سدیرا سماراوکرم 104 اور دنیش چندی مل 102 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ آئرلینڈ کی جانب سے کرٹس کیمفر نے 2 جبکہ مارک اڈائر، اینڈی میکبرائن، بین وائٹ اور جارج ڈوکریل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آئرلینڈ کی ٹیماپنی پہلی اننگ 143 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ وکٹ کیپر لورکن ٹکر 45، جیمس میک کولم 35 اور ہیری ٹیکٹر 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آئرلینڈ کے چار کھلاڑی صفر پر آؤٹ ہوئے۔ لیفٹ آرم سپنر پرباتھ جے سوریا نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 23 اوورز میں 52 رنز دے کر 7 کھلاڑی آؤٹ کر دیئے۔ وشوا فرنینڈو نے 2 اور دھننجیا ڈی سلوا نے 1 وکٹ حاصل کی۔ سری لنکا نے 448 رنز کی لیڈ کے ساتھ آئرلینڈ کو فالو آن کرتے ہوئے دوبارہ بیٹنگ کی دعوت دے دی جس کے بعد آئرلینڈ کی ٹیم دوسری اننگ میں 168 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پرباتھ نے دوسری اننگ میں بھی 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ رمیش مینڈس نے 4 جبکہ وشوا فرنینڈو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

مزید پڑھیں:  آئرلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ،قومی کرکٹ ٹیم ڈبلن پہنچ گئی