فیئربریک انویٹیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ واریئرز وومن نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

ہانک کانگ میں جاری خواتین کے ٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں واریئرز وومن کی ہائیلے میتھیوز کی شاندار آل راؤنڈر کارکردگی نے ٹیم کو ٹائٹل جتوا دیا۔ ہائیلے میتھیوز نے سنچری کرنے کے علاوہ 2 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ فائنل میں فالکنز وومن کو 93 رنز سے شکست۔ فالکنز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بنائے جو ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل تھا۔ ویسٹ انڈیز کی مایہ ناز آل راؤنڈر ہائیلے میتھیوز نے 9 چھکوں اور 11 چوکوں کی مدد سے 52 گیندوں پر 123 رنز کی شاندار اننگز کے ساتھ ٹیم کو ناقابل شکست ٹوٹل بنانے میں مدد دی۔ کیتھرین برائس 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہی۔ واریئرز کی جانب سے انجو گورنگ نے 2 جبکہ چماری اتاپتو اور مریکو ہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں فالکنز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنا سکی۔ چماری اتاپتو اور تیرتھا ستیش 29,29 جبکہ کپتان سوزی بیٹس 25 رنز بنا سکی۔ ہائیلے میتھیوز نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی کمال دکھایا اور 14 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ کیتھرین برائس نے 3 جبکہ جیس کیر اور ایشا اوزا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یوں واریئرز وومن نے پہلی بار فیئربریک انویٹیشنل کرکٹ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

مزید پڑھیں:  اذلان شاہ ہاکی کپ: پاکستان اور جاپان کامیچ برابررہا