اورکزئی جشن بہاراں میلہ 12 مئی سے شروع ہوگا

تین روزہ سپرلے میلہ (جشن بہاراں) اورکزئی 12 مئی سے شروع ہوگا۔ خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی، ٹورازم ونگ برائے ضم شدہ اضلاع اور پاک آرمی کے تعاون سے میلے میں مختلف اقسام کی روایتی اور غیر روایتی کھیلوں کے مقابلے، سیاحت و ثقافت سے متعلق سٹالز، اور بہت سی سرگرمیاں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہوں گی۔ میلے کی اختتامی تقریب 14 مئی کو منعقد ہوگی۔ فیسٹیول میں چاروں صوبوں کے ثقافتی سٹالز سمیت ثقافتی کھانے کی اشیا، کھیلوں کے مقابلوں میں نیزہ بازی، جیپ ریس، سائیکل ریس، کرکٹ، والی بال،پیراگلائیڈنگ، کراٹے، موٹو کراس ریس، بائیک ریس، رسہ کشی، پیرا جمپ،لیزر لائٹس شو، جمناسٹک جبکہ ثقافتی شو میں محفل موسیقی، روایتی خٹک ڈانس پرفارمنس، اس کے علاوہ مقامی شعرا اپنا کلام پیش کرینگے۔ فیسٹیول میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی پیش کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد بختیار خان نے کہا ہے کہ عیدالفطر سے قبل ضم شدہ اضلاع میں ڈسٹرکٹ اورکزئی کو سیاحوں کیلئے کھولا گیا جس میں عیدالفطر کے دوران ہزاروں کی تعداد میں سیاحوں نے ضلع اورکزئی کے سیاحتی مقامات کا رخ کیا۔ اورکزئی میں کلایہ، سمانہ، گلستان قلعہ، فیروز خیل، زیڑہ، لنڈوک، نناوڑ غار، توئی خلہ آبشار اور سپینکئی سمیت کئی سیاحتی مقامات سیاحوں کیلئے کھولے گئے ہیں، جس کا مقصد اورکزئی میں سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع اورکزئی میں جشن بہاراں میلے کے انعقاد کا مقصد یہاں کے لوگوں کو سیاحتی و ثقافتی سرگرمیوں میں شامل کرنے کے علاوہ سیاحوں کو اس جانب راغب کرنا ہے تاکہ یہاں سیاحت کے فروغ کیساتھ ساتھ مقامی افراد کا روزگار اور معیشت مضبوط ہو سکے۔ جون کے مہینے میں سمانہ اورکزئی کے مقام پر کیمپنگ پاڈز بھی نصب کردیئے جائینگے جس سے سیاح یہاں پر آرام دہ رہائش کیساتھ ساتھ دلکش مناظر سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔

مزید پڑھیں:  یوسین بولٹ رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سفیر مقرر