فرنچ اوپن کا سب سے سنسنی خیز مقابلہ آج ہوگا، کس کا پلڑہ بھاری رہے گا؟

22 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن سربیا کے نوواک جوکووچ اور ہسپانوی عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز مدمقابل ہونگے

تجزیہ : عمران یوسف زئی

آج سے پندرہ دن پہلے جب فرنچ اوپن کے ڈراز کا مرحلہ مکمل ہوا تو دنیا بھر کے ٹینس شائقین ایک بلاک بسٹر اور سب سے زیادہ سنسنی خیز مقابلے کے انتظار میں تھے اور سب کو یقین تھا کہ بالآخر سیمی فائنل میں ٹینس کی دنیا کے دو عظیم کھلاڑی آمنے سامنے ہوں گے اور یہ یقین درست ثابت ہوا اور آج (بروز جمعہ 9 جون) شام 6 بجے فرنچ اوپن کے سب سے تھرلنگ میچ میں 22 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن سربیا کے نوواک جوکووچ اور ہسپانوی عالمی نمبر ایک کارلوس الکاراز مدمقابل ہونگے۔ رولینڈ گیروس کے سیمی فائنل سے زیادہ انتظار کسی میچ کا نہیں کیا گیا ہوگا۔ 36 سالہ سربین ٹینس سٹار جوکووچ کا کہنا تھا کہ ”یہ وہ میچ ہے جسے بہت سے لوگ دیکھنا چاہتے ہیں۔” یاد رہے کہ جوکووچ تیسرے فرنچ اوپن ٹائٹل اور مردوں کے ریکارڈ 23 ویں میجر ایونٹ میں فتح کے لئے میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب 20 سالہ الکاراز نے گزشتہ سال ستمبر میں یو ایس اوپن میں اپنا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتا اور وہ پیرس کی مٹی پر اپنا پہلا سیمی فائنل لڑ رہے ہیں۔ الکاراز کا کہنا تھا کہ ”جب سے ڈرا ہوا، سب اس میچ کی توقع کر رہے تھے۔ میں خود بھی، میں واقعی میں یہ میچ کھیلنا چاہتا تھا۔” فرنچ اوپن کا دوسرا سیمی فائنل ناروے کے چوتھے سیڈ کیسپر روڈ اور جرمنی کے 22 ویں سیڈ الیگزینڈر زوریف کے درمیان ہوگا۔ 2016 اور 2021 میں رولینڈ گیروس ٹائٹل جیتنے والے جوکووچ نے کہا۔ ”یہ یقینی طور پر ٹورنامنٹ میں میرے لیے اب تک کا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ اگر آپ بہترین بننا چاہتے ہیں تو آپ کو بہترین کو شکست دینا ہوگی۔ وہ یقینی طور پر کسی کو بھی ہرانے کی صلاحیت رکھنے والا کھلاڑی ہے، میں اس کا منتظر ہوں۔” جوکووچ اور الکاراز، جنہوں نے اس سیزن میں حصہ لینے والے آٹھ ٹورنامنٹس میں سے چار جیتے ہیں، اس سیزن میں مردوں کے ٹور میں دو بہترین کھلاڑی رہے ہیں۔ الکاراز اس وقت عالمی نمبر ایک ہیں اگر وہ میچ جیت جاتے ہیں تو وہ سرفہرست رہیں گے، تاہم جوکووچ کو عالمی نمبر ایک پوزیشن دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ٹورنامنٹ جیتنا ہوگا۔ دونوں کھلاڑیوں کی عمروں کے درمیان لگ بھگ 16 سال کا فرق ہے، دیکھنا یہ ہے کہ اس اہم ترین معرکے میں جوانی کا زور جیتے گا یا تجربہ اہم ثابت ہوگا۔ ٹینس کی دنیا جس مقابلے کا کا انتظار کر رہی ہے وہ چند گھنٹوں بعد شروع ہونے کو ہے۔

مزید پڑھیں:  یوسین بولٹ رواں سال ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ کے سفیر مقرر