پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم

پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے مصروف شیڈول کا اعلان

جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم رواں سال اگست ستمبر میں پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ جنوبی افریقی ٹیم کے اس دورے سے پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم کے 2023-24 سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔ جنوبی افریقہ کی خواتین کرکٹ ٹیم اس دورے میں تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ25-2023 کے سلسلے کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔کراچی میں یہ میچز یکم سے 14 ستمبر تک کھیلے جائیں گے۔ پاکستان وومن کرکٹ ٹیم اکتوبر میں بنگلہ دیش، نومبر میں نیوزی لینڈ جبکہ مئی 2024 میں انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔ پاکستان اپریل 2024 میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کی میزبانی کرے گا۔ پاکستانی خواتین ٹیم اگلے بارہ ماہ کے دوران آئی سی سی چیمپئن شپ کے پندرہ ون ڈے انٹرنیشنل اور سترہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے کیونکہ امکان ہے کہ پاکستانی ٹیم ستمبر میں چین کے شہر ہانگ ژو میں ہونے والے ایشین گیمز میں بھی حصہ لے۔ یاد رہے کہ پاکستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے 2010میں گوانگ ژو اور 2014میں انچیون میں منعقدہ ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ گرین شرٹس کیلئے اکتوبر میں ویسٹ انڈیزایمرجنگ ٹیم کے خلاف اور بنگلہ دیش ایمرجنگ کے خلاف جنوری میں دو ایمرجنگ سیریز بھی شیڈول ہیں۔ ویسٹ انڈیز ایمرجنگ کے خلاف پاکستان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی جبکہ بنگلہ دیش کے دورے میں پاکستان انڈر 19 ٹیم پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔

مزید پڑھیں:  چوتھا ٹی 20:پاکستان کیخلاف نیوزی لینڈ کی بیٹنگ جاری