پولیس چیک پوسٹ

بلوچستان: ضلع شیرانی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ، 4 اہلکار شہید

بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے میں 4 اہلکار شہید ہوگئے، جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور مارا گیا۔
ویب ڈیسک: تفصیلات کے مطابق ضلع شیرانی کے علاقہ دھانہ سر میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے ہینڈ گرینڈ سے حملہ کیا جس میں تین پولیس اور ایک ایف سی اہلکار شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا، فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے دکھ اور افسو س کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے سیکیورٹی فورسز کے حوصلے پست نہیں کر سکتے، سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں قوم کے لیے مشعل راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پختہ عزم و حوصلے کے ساتھ ملک و قوم کا تحفظ یقینی بنا رہی ہیں، قوم ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے کے لیے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعلی نے شہداء کے لواحقین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا جبکہ زخمی اہلکاروں کی صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

مزید پڑھیں:  مانسہرہ، پولیس آفیسر قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی