مشرقیات

*پاکستان کی قومی زبان.*
چین نے اردو کی عالمی حیثیت کو تسلیم کرتے ہوئے پاکستانیوں کے لئے اپنے اشتہارات اردو میں نشر کرنے شروع کردئیے! حمزہ یوسف نے سکاٹ لینڈ کی پارلیمان کا حلف اردو میں لیا!
افضل خان نے انگریزوں کے گھر برطانوی پارلیمنٹ کا حلف اردو میں لیا! اقوام متحدہ نے اردو کو ساتویں بڑی بین الاقوامی زبان تسلیم کرلیا! 8 ستمبر 2015 کو عدالت عظمیٰ کا فیصلہ آنے کے ساتھ پاکستان میں موجود امریکی سفارت خانے نے اپنی ویب سائٹ اردو میں کرلی! فرانسیسی اور جاپانی سفیر پاکستانیوں سے پاکستانی زبان میں ابلاغ کرتے ہیں!دنیا نے تو اردو کو پاکستان کی زبان تسلیم کرتے ہوئے عالمی شناخت دے دی اور دنیا کی ساتویں بڑی زبان مان لیا ‘ لیکن پاکستان کی غلام احساس کمتری کا شکار اشرافیہ ابھی تک اردو کو پاکستان کی سرکاری’ تعلیمی ‘عدالتی زبان ماننے کوتیار نہیں! انتہائی افسوس کا مقام ہے کہ حکومت نے تمام نصاب نرسری سے میٹرک تک انگریزی میں کردیا اس انگریزی ذدہ نصاب میں اردو کے مضمون کا صرف ٹانکا لگایا ہے’ باقی ریاضی ‘ سائنس’ معاشرتی علوم’ سب انگریزی میں کردئیے’ جو سراسر توہین عدالت ہے’ آئین شکنی ‘ قائد اعظم کے فرمان کی حکم عدولی فطرت سے بغاوت ہے’ دنیا میں کسی بھی ملک نے آج تک غیر ملکی زبان میں ترقی نہیں کی تو پاکستان کیسے ترقی کرسکتا ہے؟
اس قوم کی بدترین غلامی کا اندازہ کیجئے کہ اس قوم کے تمام سیاستدان’ جرنیل ‘ جج’ اشرافیہ لوگوں تک اپنی بات پہنچانے کے لئے اردوکا سہارا لیتے پیں لیکن جب بات علم اور سائنس کی ہو تو غیر ملکی زبان کا سہارا لیتے ہیں! دنیا میں ایسی دو رنگی کہیں دیکھی ہو تو بتادیں؟
پاکستان کے ذرائع ابلاغ سو فیصد اردو میں پیغام نشر کررہے ہیں ‘ پوری دنیا میں ابلاغی زبان کو تعلیم اور شعور کی زبان کہا جاتاہے ‘ پاکستان کے شعور اور تعلیم کی زبان اردو ہے’ تو پھر تعلیم انگریزی میں کیوں؟
ہم چیف جسٹس سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ پرائمری سے میٹرک تک انگریزی ذریعہ تعلیم کے اجراء کے مرتکبین پر توہین عدالت لگا کر ان کو آئین و قانون کے مطابق سزا دیں’ کیونکہ یہ بنیادی انسانی حقوق کے قاتل ہیں بچے کو غیر ملکی زبان میں تعلیم دینا’ اسے تعلیم سے باغی کرنا’ اس کی فطری صلاحیتوں کا قتل اور بنیادی انسانی حقوق کی نفی ہے!
جب برطانیہ’ سکاٹ لینڈ کی پارلیمان کا حلف اردو میں لیا جاسکتا ہے جو ممالک انگریزی کا گڑھ ہیں’ اقوام متحدہ اپنا پیغام اردو میں نشر کرسکتا ہے’ چین پاکستان کو بھیجی جانے والی درآمدات کی ہدایات اردو میں دے سکتا ہے تو پاکستان کا نظام مملکت اردو میں کیوں نہیں چل سکتا؟

مزید پڑھیں:  موبائل سمز بندش ۔ ایک اور رخ