ہاتھی کے دانت کھانے کے اور دکھانے کے اور

قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف عالمگیر سطح پر احتجاج کئے جانے کے بعد سویڈن نے قرآن کریم اور دیگر مقدس صحیفوں کی بے حرمتی کو جرم قرار دینے پر غور شروع کر دیا۔ سوئیڈن کے وزیر انصاف گونار سٹرومر کے مطابق قرآن پاک کی بے حرمتی کے حالیہ واقعے نے سویڈن کی سلامتی کو نقصان پہنچایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سویڈن کی حکومت اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا وہ قرآن پاک یا دیگر مقدس کتابوں کی بے حرمتی کو غیر قانونی قرار دے سکتی ہے۔ واضح رہے کہ پوری دنیا میں سویڈن کے خلاف قرآن کریم کی بے حرمتی پر احتجاج جاری ہے۔قبل ازیں یورپی یونین نے ا علامیئے میں کہا ہے کہ یہ واقعہ قطعی طور پر یورپی یونین کے نظریات کی عکاسی نہیں کرتا ‘ نسل پرستی ‘ غیر ملکیوں کے خلاف تعصب اور اس سے متعلق عدم برداشت کی یورپ میں کوئی گنجائش نہیں ہے جہاں تک مغرب کے اظہاررائے کی آزادی کے بیانئے کا تعلق ہے یہ مہمل پیرایہ اظہار ہے ‘ کیونکہ اسی کی آڑ میں وہ اپنے مذموم مقاصد کو تحفظ فراہم کرتا ہے ‘ کیونکہ ایک جانب شعائر اسلام کی بے حرمتی کی مذمت ضرور کرتاہے تاہم دوسری جانب وہ آزادی اظہار رائے کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے اپنے معاشروں میں موجود برخود غلط اور اسلام کے خلاف منفی سوچ رکھنے والے معتصب افراد کو ”کھلی چھوٹ” دے کر بری الذمہ ہونا چاہتے ہیں ‘ آزادی ا ظہاررائے ہو یا پھر کوئی اور آزادی ‘ ہر ایک کی حدود قیود ہوتی ہیں ‘ کسی کے مذہب اور اس سے متعلقہ شعائر یا اہم مقدس شخصیات ‘ ان کی بے حرمتی کو اظہار رائے کی آزادی کے ساتھ نتھی نہیں کیا جاسکتا ‘ مگر گزشتہ کئی برس سے مغربی دنیا میں جس طرح اسلامی شعائرکی بے حرمتی کی جا رہی ہے یہ جان بوجھ کر اور شعوری طور پر اس لئے کی جاتی ہے تاکہ مسلمان ان پر رد عمل دیں اور اہل مغرب اسلام اور دہشت گردی و انتہا سبزی کے مابین رشتہ جوڑ کر اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اپنے خُبث باطن کا اظہار کر سکیںسویڈن کے وزیر انصاف کا بیان ہو یا اقوام متحدہ کے تہذیبوں کے اتحاد کے اعلی نما ئندے کا بیان ہو یا یورپی یونین کا بیانیہ ، اسے وقتی طور پراسلامی شعائر کے خلاف بد تہذیبی پر مبنی اقدام کے حوالے سے پیدا ہونے والے رد عمل کو ٹھنڈاکرنے کی کوشش کے سوا کچھ بھی قرار نہیں دیا جا سکتا’ کیونکہ اقوام متحدہ نے بھی اس حوالے سے ایک لائحہ عمل اختیار کرنے پر زور دیا ہے تو اصولی طور پر اس کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہئے۔

مزید پڑھیں:  محنت کشوں کا استحصال