مون سون میں بیماریوں

مون سون میں بیماریوں کے پھیلائو پر کنٹرول کیلئے صوبہ بھر میں اہداف مقرر

ویب ڈیسک: محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے تمام سرکاری ہسپتالوں میں مون سون کے دوران پھیلنے والی موسمی بیماریوں کیلئے ویکسین اور ادویات کا سٹاک تیار رکھنے کی ہدایت کردی ہے، اس حوالے سے گزشتہ روز ہیلتھ سیکرٹریٹ سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اورتمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو مراسلہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق مون سون کا موسم شدید بارشوں، سیلاب اور لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے نقل و حمل کے چیلنجز کا باعث بن سکتا ہے، یہ حالات ہسپتالوں اورخاص طور پر دور دراز یا سیلاب زدہ علاقوں میں ویکسین اور ادویات کی بروقت فراہمی کو متاثر کر سکتے ہیں، اس لئے ضروری صحت کی دیکھ بھال کی مصنوعات کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے سپلائی چین کا انتظام بہت اہم ہو جاتا ہے۔
ہسپتالوں کو مون سون کے موسم کے دوران ممکنہ رکائوٹوں کی تیاری کیلئے ضروری ویکسین اوردوائیوں کی مناسب مقدار کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے، مراسلہ کے مطابق انوینٹری کا موثر انتظام اور پیش گوئی سپلائی کی کمی کو کم کرنے اور محدود رسائی کے دوران دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد کر سکتی ہے، اسی طرح مون سون کا موسم پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے کہ ہیضہ اور ٹائیفائیڈ کے ساتھ ساتھ ویکٹر سے پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے اینٹی ریبیز ویکسین، سانپ کے زہر، انسولین، انسولین ریگولر، ڈینگی اور ملیریا کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں کو ان بیماریوں کے انتظام کیلئے ویکسین اور ادویات کی مانگ میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
مراسلہ کے مطابق ڈی ایچ اوز اور میڈیکل سپرٹنڈنٹس اکثر متعلقہ ویکسین اور ادویات کے مناسب ذخیرہ کو یقینی بنا کر روک تھام اور کنٹرول کے اقدامات کو ترجیح دیتے ہیں کیونکہ ہنگامی حالات جیسے چوٹ، حادثات یاپانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کے پھیلنے کی روک تھام کیلئے تیار رہنے کی ضرورت ہو سکتی ہے، ان ہنگامی حالات کو مؤثر طریقے سے سنبھالنے کیلئے ضروری ادویات اور ویکسین کا آسانی سے دستیاب ہونا بہت ضروری ہے، مراسلہ کے مطابق یہ نوٹ کرنا بھی ضروری ہے کہ مون سون کے موسم میں ویکسین اور ادویات کی مخصوص دستیابی خطے اور صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے لیکن ہیلتھ انتظامیہ حکام اور ہسپتال کسی بھی ممکنہ چیلنج کی منصوبہ بندی اور ان سے نمٹنے کیلئے ذمہ دار ہیں جس کی روشنی میں مون سون کے موسم کے دوران ویکسین اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں انتہائی درست اور تازہ ترین معلومات کیلئے مقامی ضلعی و تحصیل انتظامیہ کیساتھ فوری کارروائی کیلئے رابطہ قائم کر دیا جائے۔

مزید پڑھیں:  صوبے میں موجود ہر سیاسی شخصیت کے پاس جانے کو تیار ہوں، فیصل کریم کنڈی