اٹلی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

اٹلی میں موسم گرم، 8 شہروں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری

ویب ڈیسک: موسمیاتی صورتحال کی تبدیلی کے ساتھ ہی یورپ میں گرمی کا زور بڑھنے لگا جس سے شہری بلبلا اٹھے، اٹلی میں پارہ 40 ہوگیا، 8 شہروں میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دی گئی۔
صحرائے صحارا سے آنے والے اینٹی سائیکلون سسٹم سربیرس کے اثرات سے یورپ کے شہری بلبلا اٹھے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق سربیرس سے یورپ میں شدید گرمی کی لہر دیکھنے میں آئی جس نے سیاحوں کو بےحال کر دیا، گرمی سے پریشان سیاحوں نے سوئمنگ پولز اور سایہ دار جگہوں کا رخ کر لیا۔
ادھر اٹلی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجہ حرارت میں کام کرنے والا شخص ہلاک ہو گیا جبکہ اٹلی کے 8 بڑے شہروں میں ہیٹ ویو ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
اٹلی کے دو سب سے بڑے جزیروں سسلی اور سارڈینیا میں پارہ 45 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ قبرص میں 41، کروشیا میں 39 اور فرانس میں 34 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  پاک چین کا سی پیک منصوبوں پر تعاون بڑھانے پر اتفاق