محکمہ صحت کا ترقیاتی فنڈ

محکمہ صحت کا ترقیاتی فنڈ 7 ہزار ملازمین کیلئے مختص

ویب ڈیسک: صوبائی حکومت کی جانب سے کم ترقیاتی بجٹ جاری کرنے کی وجہ سے محکمہ صحت نے زیادہ تر فنڈ ز صرف تنخواہوں کیلئے مختص کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے اس صورتحال میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے بہت کم پیسے جاری کئے جائیں گے جس کی وجہ سے آئندہ چار ماہ کے دوران محکمہ صحت کا ایک بھی منصوبہ مکمل نہیں ہوسکے گا۔
محکمہ صحت کے ذرائع نے بتایا کہ اس وقت 41 ترقیاتی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔ فنڈز ملنے سے قبل منصوبہ بندی تھی کہ ان منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر پیسے جاری کئے جائیں گے لیکن محکمہ خزانہ نے تقریبا دو ارب روپے رواں مہینے کے دوران جاری کئے ہیں جس میں سے ایک ارب 45 ارب کروڑ روپے بندوبستی اضلاع اور 50 کروڑ روپے ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے جاری کئے گئے ہیں۔ موجودہ وقت میں محکمہ صحت میں مجموعی طور پر 132 ترقیاتی منصوبے چل رہے ہیں جن میں 102 منصوبے بندوبستی اور 30 ترقیاتی منصوبے ضم اضلاع میں چل رہے ہیں ان منصوبوں میں سے بھی 10 منصوبے تاحال منظور نہیں کئے گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جو پیسے محکمہ خزانہ سے جاری ہوئے ہیں ان فنڈز سے صرف تنخواہوں کی ضروریات کو پورا کیا جاسکتا ہے کیونکہ تقریبا 30 پراجیکٹ محکمہ صحت میں چل رہے ہیں جس میں سات ہزار سے زائد کنٹریکٹ ملازمین کام کر رہے ہیں اور ان ملازمین کی ایک ماہ کی تنخواہ 16 کروڑ سے زائد بنتی ہے اس لئے فیصلہ کیا گیا ہے کہ چار ماہ کے اخراجات کے حساب سے پہلے صرف تنخواہوں اور اخراجات کیلئے پیسے مختص کئے جائیں گے اور اس کے بعد اگر فنڈز بچتے ہیں تو اسے ترقیاتی منصوبوں پر تقسیم کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں:  لاہور ہائیکورٹ: گندم کے نئے نرخ بارے وفاق سے جواب طلب