1 ارب ڈالر

وزیراعظم کا یو اے ای صدر کو ٹیلی فون، 1 ارب ڈالر ڈپازٹ کرانے پر شکریہ

وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں انہوں نے 1 ارب ڈالر ڈپازٹ کرانے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ویب ڈیسک: اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے مشکل وقت میں بروقت مدد کی، یو اے ای کی جانب سے 1 ارب ڈالر ڈپازٹ کیے جانے کے باعث آئی ایم ایف کا سٹینڈ بائی ایگریمنٹ طے کرنے میں بڑی مدد ملی، پاکستان کے عوام اور سیاسی قیادت یواے ای کی اس خیرسگالی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے شیخ محمد بن زید النہیان سے کہا کہ آپ نے ذاتی دلچسپی لے کر پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے میں مدد کی، اس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے بامعنی اصلاحات کی ہیں، سپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل کی تشکیل کا محور ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ ہے، ادارہ جاتی سطح پر انتظام نے پاکستان کی معیشت کوٹھوس معاشی روڈ میپ دیا ہے۔
وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے یو اے ای کے صدر نے کہا کہ یواے ای اورپاکستان کے قریبی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں، برادر ملک پاکستان کی مدد کرنا ہمارے ملک کی ذمہ داری تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف شاندار قائدانہ صلاحیتوں کے مالک ہیں، مجھے اعتماد ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف پاکستان میں ایک بڑی تبدیلی لائیں گے۔
شیخ محمد بن زید النہیان نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے سرمایہ کاری روڈ میپ کے بارے میں سن کر خوشی ہوئی، پر اعتماد ہوں کہ پاکستان معاشی طور پر قابل ذکر ترقی کرے گا۔
وزیراعظم نے صدر یواے ای کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جوانہوں نے قبول کرلی۔

مزید پڑھیں:  شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشتگرد ہلاک