خیبرپختونخوا کانگو

خیبرپختونخوا، کانگو سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 ہوگئی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں کانگو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 14 تک پہنچ گئی محکمہ صحت خیبرپختونخوا سے جاری رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر سے رپورٹ ہونے والے کیسوں میں گیارہ خیبرپختونخوا اور تین کا تعلق افغانستان سے بتایا جاتا ہے۔ کانگو وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ جاں بحق افراد میں دو کا تعلق افغانستان، ایک چارسدہ اور ایک خیبر سے ہے۔
افغانستان سے منتقل ہونے والے مریضوں کو تشویش ناک حالت میں یہاں لایا گیا جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں طبی امداد دی گئی لیکن وہ جانبر نہ ہوسکے اور ہسپتال میں چند روز زیر علاج رہنے کے بعد دم توڑ گئے۔ نو مشتبہ افراد کے لیبارٹری ٹیسٹ ابھی آنا باقی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق پشاور میں پانچ، لکی مروت دو، ملاکنڈ، کوہاٹ، چارسدہ اور خیبر میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔ تین کیس افغانستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔ کانگو وائرس کے تمام مریضوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  بنوں، پولیس کی بروقت کارروائی، چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کا حملہ پسپا