شاہین شاہ آفریدی کا ڈیزرٹ وائپرز سے 3 سالہ معاہدہ طے

ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم کے بائِیں ہاتھ کے فاسٹ باولر شاہین شاہ آفریدی کا امارات کے آئی ایل ٹی 20 کے دوسرے سیزن کیلئے ڈیزرٹ وائپرز سے معاہدہ ہو گیا ہے جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میرے کسی اعزاز سے کم نہیں، ذرائع کے مطابق شاہین شاہ آفریدی آئندہ سال جنوری میں ہونے والے سیزن میں لیگ کھیلنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن جائیں گے، یاد رہے کہ ان کا کلب سے معاہدہ تین سال کیلئے ہوا ہے، شاہین نے اس بارے میں کہا کہ میں ڈیزرٹ وائپرز میں شامل ہونے کے لیے پرجوش ہوں، میں جانتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات میں بہت سے پاکستانی شائقین موجود ہیں جو مجھے سپورٹ کریں گے۔
ڈیزرٹ وائپرز کے ڈائریکٹر کرکٹ ٹام موڈی نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی عالمی معیار کے کھلاڑی ہیں، وہ مؤثر فاسٹ باؤلر کے طور پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ ان کی شمولیت سے ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں فرق دکھائی دے گا۔ شاہین شاہ آفریدی ایک ایسے باؤلنگ اٹیک میں شامل ہوں گے جس میں پہلے ہی ونندو ہسارانگا، متھیشا پاتھیرانا، ٹام کرن اور شیلڈن کوٹریل موجود ہیں۔ خیال رہے کہ ڈیزرٹ وائپرز آئی ایل ٹی 20 کے گزشتہ سیزن کی رنر اپ ٹیم ہے۔

مزید پڑھیں:  اداکار زوہاب خان نے ٹک ٹاکر وانیہ ندیم سے نکاح کرلیا