سعودی عرب سے امن معاہدہ کے قریب پہنچ چکے،اسرائیل کادعویٰ

ویب ڈیسک:اسرائیل کے وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل اور سعودی عرب امن معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات قائم کرنے سے نئے مشرق وسطی کا جنم ہوگا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے 5 سال پہلے اسی جگہ خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جلد وہ دن آئے گا جب اسرائیل مصر اور اردن سے آگے نکل کر دیگر عرب ہمسایوں کے ساتھ امن کو وسعت دے گا۔
وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ ابراہم معاہدوں نے امن کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ہم ایک مزید ڈرامائی پیش رفت کے بالکل قریب ہیں، اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی امن معاہدہ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امن معاہدہ عرب اسرائیل تنازع ختم کرنے کیلئے دیرپا ثابت ہوگا، دیگر عرب ریاستیں بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کریں گی فلسطین کے ساتھ امن کے مواقع بڑھیں گے، یہودیت اور اسلام، یروشلم اور مکہ کے درمیان مفاہمت کو وسعت دینے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل امن اور خوشحالی کا نیا پُل بن سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:  خضدار میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، سینئر صحافی سمیت 3 افراد شہید