سیکیورٹی فورسز کےمختلف مقامات پر آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، جوان شہید

ویب ڈیسک: سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشتگرد ہلاک کر دیئے۔ ذرائع کے مطابق امن دشمنوں کے خاتمے کا مشن جاری، سیکیورٹی فورسز نے مختلف مقامات پر آپریشن کر کے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا، اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان کے علاقے کوٹ اعظم میں بھی کامیاب آپریشن کے دوران ایک دہشتگرد انجام کو پہنچ گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ و بارود برآمد کر لیا گیا، ہلاک دہشتگرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں پر حملوں میں ملوث تھے۔ یاد رہے کہ علاقے میں دہشتگردوں کی تلاش کیلئے آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے گھریوم میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 26 سالہ سپاہی شاہزیب شہید ہوگئے۔ اس حوالے سے آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، ہمارے جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  بچے فروخت کرنے کی ویڈیو پر کمشنر پشاور کانوٹس،بیروزگار نوجوان کو سرکاری نوکری دینے کا اعلان کردیا