محکمہ خوراک کی کارروائی، 1300 کلو مضر صحت قیمہ اور سیخ کباب برآمد، ملزم گرفتار

ویب ڈیسک: صوبائِی دارالحکومت پشاور میں محکمہ خوراک کی اہم کارروائی، 1300 کلو مضر صحت قیمہ برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک کے اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں ٹیم نے رنگ روڈ پر واقع ایک گودام پر چھاپہ مارا جہاں مردہ مرغیوں کی ہڈیوں اور جانوروں کی آلائشوں سے قیمہ تیار کیا جا رہا تھا۔
یاد رہے کہ اس قیمہ سے ہزاروں کی تعداد میں سیخ کباب بھی تیار کئے گئے تھے جس کو ٹیسٹ کرنے کیلئے لیبارٹری ارسال کیا گیا۔ محکمہ لائیو سٹاک کی رپورٹ میں قیمہ اور سیخ کباب مضر صحت پائے گئے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ گودام میں تیار شدہ مضر صحت قیمہ اور سیخ کباب کو شادی ہالز اور شہر کے مختلف فوڈ پوائنٹس میں مہنگے داموں سپلائی کیا جاتا ہے۔
گودام پر چھاپہ کے بعد راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے بتایا کہ خوراک کے نام پر زہر بیچنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو معیاری و مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی محکمہ خوراک کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مضر صحت اشیاء کی خرید و فروخت کرنیوالوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائی عمل میں لائیں اور کسی کیساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے۔
یاد رہے کہ یہ مضر صحت قیمہ اور سیخ کباب کئی موذی امراض کا موجب بھی بن رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  رافیل نڈال کی ٹینس کورٹ میں واپسی، میڈرڈ اوپن کا فاتحانہ آغاز