بلاول

حالیہ دہشت گردی کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت ہے‘ بلاول

ویب ڈیسک :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی ذمہ دار پی ٹی آئی حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو واپس پاکستان لانے کے نتیجے میں آج ملک میں پھر حملے ہورہے ہیں۔
وزارت داخلہ میں قائم کردہ ’دیوار شہدا‘ کے دورے کے بعد نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ دہشت گردی میں شہید ہونے والوں کے حوالے سے سرفراز بگٹی کا یہ بہت اچھا اقدام ہے، پاکستان میں جدوجہد کے نتیجے میں امن قائم ہوا ہے اور شہدا کی قربانیوں سے دہشت گردی کا خاتمہ ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہدا نے دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، لیکن سنگین مقدمات میں ملوث دہشت گردوں کو جیل سے نکالا گیا پاکستان سے دہشت گردی کا تقریباً خاتمہ کردیا گیا تھا، مگر پھر ایسا فیصلہ کیا گیا جس سے وہ جو تمام جدوجہد تھی، جو آپریشنز تھے، ان کا اثر ایک طریقے سے ختم ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہ جب افغانستان میں اقتدار منتقل ہو رہا تھا تو پارلیمان، پاکستان کے عوام سے پوچھے بغیر ایک فیصلہ کیا گیا، جو دہشت گرد قیدی پاکستان میں موجود تھے، جو دہشت گردی کے سنگین واقعے میں ملوث تھے، انہیں پاکستان کی جیلوں سے نکالا گیا، افغانستان میں جو دہشت گرد پاکستان میں دہشت گردی کے سنگین واقعے میں ملوث تھے، وہ بھی جیل سے نکل گئے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ان کو دعوت دی کہ واپس پاکستان کے قبائلی علاقوں میں آئیں، انہیں افغانستان سے پاکستان میں ایک بار پھر مسلط کرنا تھا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ جو یہ پورا سلسلہ تھا اس کی تحقیقات کرنی چاہیے، جو لوگ اس فیصلے میں ملوث تھے ان سے پوچھنا چاہیے کہ ان کے کیا ارادے تھے، اور یہ یقین دہانی کرنی چاہیے کہ ایسے فیصلے دوبارہ نہ کیے جائیں۔

مزید پڑھیں:  ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے انگلش ٹیم کا اعلان، جوز بٹلر کپتان مقرر