بلاول

قوم کو بتایا جائے کہ شہید ذوالفقار بھٹو بے قصور تھے‘بلاول

ویب ڈیسک :پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے پاکستان وہ ملک ہے جہاں 12 سال بعد صدرکے ریفرنس پر سماعت ہوئی، میں نے 2018 میں کیس سننے کے لیے درخواست دائر کی، ہمیں ذوالفقار بھٹو کے لیے انصاف چاہیے ‘قوم کو بتایا جائے کہ شہید ذوالفقار بھٹو بے قصور تھے ۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام نے بہت پہلے فیصلہ کردیا تھا کہ ذوالفقار بھٹو بے گناہ تھے، اب عدالت سے اپیل ہے کہ آپ نے تاریخ کو درست کرنا ہے، ایسا فیصلہ کرنا چاہیے کہ آئندہ کے لیے دروازہ بند ہو جائے، امید ہے اس بار پیپلزپارٹی اور عوام کو قائد عوام کے کیس میں ریلیف ملے گا۔
ملک میں عام انتخابات سے متعلق سوال پر چیئرمین پیپلز پارٹی کاکہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز پر 100 فیصد اعتماد ہے، انہوں نے واضح کہا ہےکہ فروری 8 پتھر پرلکھا ہے الیکشن ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا بہت پرانا موقف اور مطالبہ ہے کہ سب دائرے میں رہ کر کام کریں، سیاستدان بھی جمہوریت کے دائرے میں رہ کر کام کریں، ادارے بھی اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں، تب ہی ہماری معیشت اور ملک چلے گا، میں پرانے سیاستدانوں کی پرانی سیاست دیکھ چکا ہوں، ان کا کوئی رویہ نہیں ان کو رویہ تبدیل کرنا ہے۔
بلاول بھٹو کا راؤ انوار سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ جن کا کھلونا ہے انہوں نے اس کو لانچ کیا، لیاری کے کارکنوں نے اس کھلونے کے بارے میں ایک نعرہ دیا ہے، لیاری کے کارکنوں کا نعرہ ہے میاں تیرے جانثار ، بشیر میمن، راؤ انوار۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاسی اختلافات کو ذاتی دشمنی پر پہنچا دیا ہے، کوئی کسی بھی جماعت سے ہو سب پاکستانی ہیں، فیصلہ کریں اختلافات الگ رکھیں گے لیکن ساتھ مل کر مسائل کا حل نکالیں گے۔

مزید پڑھیں:  شیر افضل مروت کی گاڑی حادثے کا شکار