عالمی کانفرنس

غزہ جنگ‘روس نے عالمی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کردیا

ویب ڈیسک : روس نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کا دیرپا حل تلاش کرنے کے لیے اقوام متحدہ سے فوری طورپر عالمی کانفرنس بلانے کا مطالبہ کردیا ہے ۔
روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس سے مطالبہ کیا ہے اقوام متحدہ کو اسرائیل فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے عالمی کانفرنس منعقد کرنے کا اقدام لازمی کرنا چاہیے اور مجھے یقین ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اس اقدام کے لیے اہل ہیں۔
روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ کانفرنس میں عرب لیگ، اسلامی تعاون تنظیم اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے نمائندے شامل ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے نزدیک اسرائیل فلسطین تنازع کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچوں مستقل اراکین کے ساتھ ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہے۔
سرگئی لاوروف نے مزید کہا کہ فلسطینی شہریوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی کی جا رہی ہے، فلسطینی ریاست کے قیام کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ غزہ کی صورتحال مزید کشیدگی کی طرف جارہی ہے۔

مزید پڑھیں:  آڈیو لیکس کیس، بنچ پر اعتراض واپس لینے کی آئی بی کی درخواست خارج