ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ

ملک بھرمیں ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ دوبارہ شروع

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسروں کی ٹریننگ دوبارہ شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ڈی آر اوز اور آر اوز کی ٹریننگ ملک بھر میں دوبارہ شروع کردی گئی ہے، آر اوز کی تربیت 18 جبکہ ڈی آر اوز کی تربیت 19 دسمبر کو مکمل ہو جائے گی، مجموعی طور پر 859 ریٹرننگ آفیسرز اور 144 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ٹریننگ دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن کا انتخابات میں آر اوز اور ڈی آر اوز کی خدمات حاصل کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیدیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں انتخابی عملے کی تربیت کا عمل رک گیا تھا اور عام انتخابات کے مزید التوا کی چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں۔
اب الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن سینئر افسران آر اوز اور ڈی آر اوز کو ٹریننگ دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح خیبرپختونخوا میں بھی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز اور ریٹرننگ آفیسرز کی ٹریننگ پھر سے شروع کر دی گئی ہے۔ ٹریننگ کا عمل 19 دسمبر 2023 کو مکمل کر لیا جائیگا۔
خیبرپختونخوا میں مجموعی طور پر 160 ریٹرننگ آفیسرز اور 36 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز کو ٹریننگ دی جارہی ہے.
ریٹرننگ افسران کو ٹریننگ ڈویژن کی سطح پر دی جارہی ہے جبکہ ڈی آر اوز کو پشاور میں تربیت دی جائیگی۔
الیکشن کمیشن کے سینئر افسران بطور ٹرینرز فرائض انجام دے رہے ہیں.
جبکہ دوسری جانب ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر اسلام آباد نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر سرکاری افسران اور آفیشلز کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

مزید پڑھیں:  ن لیگ کے شیخ جعفر مندو خیل کو گورنر بلوچستان بنانے کا فیصلہ