الیکشن 2024ء، پی ٹی آئی اور شیرانی گروپ کا معاہدہ طے

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن 2024ء میں انتخابی نشان کے مسئلے پر پلان بی تیار کر لیا ہے اس سلسلے میں رابط جمعیت علماءاسلام پاکستان کے ساتھ اتحاد کر لیاگیاہے۔
پلان کے تحت پی ٹی آئی کی جانب سے ملک بھر بشمول خیبر پختونخوا میں جے یو آئی کے ناراض رہنماﺅں مولانا گل نصیب خان اور شجاع الملک وغیرہ کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
معتبر ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اگر پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی نشان بیٹ الاٹ نہیں کیا جاتا تو اس کے نتیجے میں بہت سے تکنیکی مسائل سامنے آسکتے ہیں۔
سب سے پہلے تو پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر آزاد حیثیت میں الیکشن میں اترنے پر مجبور ہوں گے جس کی وجہ سے ہر حلقہ میں امیدوار کو الگ الگ انتخابی نشان الاٹ ہونے کا امکان ہے۔ اس سے پی ٹی آئی کے ووٹرز کنفیوژن کا شکار ہوں گے۔
اس کے علاوہ انتخابی نشان بیٹ پر الیکشن نہ لڑنے کی صورت میں آزاد منتخب ہونے والے امیدواروں کے تناسب سے پی ٹی آئی کو قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستیں بھی نہ ملنے کا اندیشہ ہے۔
اس صورتحال میں پی ٹی آئی نے پلان بی کے طور پر جمعیت علماءاسلام پاکستان سے نکالے جانے والے عہدیداروں مولانا محمد خان شیر انی، مولانا شجا ع الملک اور مولانا گل نصیب سمیت تمام عہدیداروں کو قومی اسمبلی کے ٹکٹ جاری کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
اس ضمن میں الیکشن کمیشن آف پاکستان میں مولانا شیرانی کے نام سے رجسٹرڈ رابطہ جمعیت علماءاسلام پاکستان کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے جس کی رو سے بیٹ کا نشان نہ ملنے کی صورت میں پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر آر جے یو آئی کے انتخابی نشان انگوٹھے پر انتخابات لڑنے کا امکان روشن ہے۔
اگر الیکشن کمیشن کی جانب سے بیٹ کی لاٹمنٹ پر کوئی تنازع پیدا نہیں ہوگا تو اس صورت میں مولانا شیرانی، مولانا گل نصیب خان اور مولانا شجا ع الملک سمیت اس پارٹی میں شامل تمام لوگ بیٹ کے نشان پر الیکشن لڑیں گے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ الیکشن 2024ء کیلئے جے یو آئی کے مذکورہ سابق رہنماﺅں کے الیکشن میں کھڑا ہونے کی وجہ سے جے یو آئی کو شدید نقصان ہوگا اور ان کا ووٹ بینک بھی تقسیم ہوجائے گا۔
اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر آر جے یو آئی پاکستان کے رہنماءمولانا گل نصیب خان نے ان تمام باتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اگلا الیکشن دونوں پارٹیاں مشترکہ طور پر لڑیں گی۔

مزید پڑھیں:  ایران سے سیلابی ریلہ پاکستان میں داخل، مکانات منہدم، 8 افراد جاں بحق